پنجاب کانگریس صدرسدھو نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا

سدھوکے سیاسی داؤں پیچ سے ناراض ہو کر چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے والے کیپٹن امریندر سنگھ کی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

چنڈی گڑھ: پنجاب کے چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کے کابینہ میں وزراء کے اعلان کے تھوڑی دیر کے بعد پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ سدھو نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو خط بھیج کر پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا لیکن یہ بھی کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کی خدمت کرتے رہیں گے۔

 پنجاب کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے والے سدھو نے اس خط میں کہا،’سمجھوتہ کرنے سے انسان کے اخلاق کا زوال ہوتا ہے اور وہ پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی بھلائی کے ایجنڈہ کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتے لہٰذا وہ پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن وہ پارٹی کیلئے کام کرتے رہیں گے‘۔

قابل ذکر کہ چرنجیت سنگھ چنی کے وزراء کے محکموں کا آج اعلان کیا گیا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ وزراء کے محکموں کے اختصاص میں رائے مشورہ نہ کیے جانے سے سدھو ناراض ہیں۔

اس درمیان دہلی میں ایک دلچسپ واقعہ میں سدھوکے سیاسی داؤ ں پیچ سے ناراض ہو کر چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے والے کیپٹن امریندر سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

حالانکہ ان کے پی اے روین ٹھکرال نے ان قیاس آرائیوں سے انکار کیا ہے اور کہا کہ کیپٹن سنگھ، دہلی کے ذاتی دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ اپنے کچھ دوستوں سے ملیں گے اور نئے چیف منسٹر کیلئے کپورتھلا ہاؤس بھی خالی کریں گے۔ اس پر کسی بھی طرح کے قیاس لگانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.