کیرتی آزاد، تنوراور ورما ترنمول کانگریس میں شامل

انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کی تمام کسان تنظیموں کے اتحاد کی وجہ سے حکومت زرعی قوانین کو واپس لینے پر مجبور ہوئی، اسی طرح ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر بی جے پی حکومت کو اکھاڑنے کے لئے اپنے ذاتی مفادات کو بھول کر ایک ساتھ آنا ہو گا۔

نئی دہلی: کانگریس لیڈراورسابق رکن اسمبلی کیرتی آزاد، ہریانہ کانگریس کے سابق صدراشوک تنور اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی-یو) کے سابق جنرل سکریٹری اور سابق رکن اسمبلی پون ورما منگل کے روز ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔

ان تینوں قائدین نے آج یہاں ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر بنرجی سے ملاقات کے بعد پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ تنور نے ترنمول میں شامل ہونے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ملک کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی متکبر اور آمرانہ حکومت کو ہٹانے کے لیے ممتا بنرجی کی قیادت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کی تمام کسان تنظیموں کے اتحاد کی وجہ سے حکومت زرعی قوانین کو واپس لینے پر مجبور ہوئی، اسی طرح ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر بی جے پی حکومت کو اکھاڑنے کے لئے اپنے ذاتی مفادات کو بھول کر ایک ساتھ آنا ہو گا۔

قبل ازیں ترنمول میں شامل ہونے کے بعد آزاد نے نامہ نگاروں سے کہا کہ آج ملک کو ایک ایسی شخصیت کی ضرورت ہے جو ملک کو صحیح اور نئی سمت دکھا سکے۔ ممتا بنرجی میں یہ قائدانہ صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ممتابنرجی نے زمین پر اتر کر عام لوگوں سے جڑے مسائل کو سمجھا ہے، وہ ملک کی خدمت کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔کیرتی آزاد نے کہا کہ ان کی کوئی ذات یا مذہب نہیں ہے، لیکن ممتا بنرجی کی طرح ملک کی خدمت کرنا ان کا مقصد ہے۔

قبل ازیں جے ڈی (یو) کے سابق جنرل سکریٹری اور سابق رکن پارلیمنٹ پون ورما نے ترنمول میں شامل ہونے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ آج کی سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کو مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں صرف ممتا بنرجی ہی میں اپوزیشن کو صحیح قیادت دینے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2024 کے عام انتخابات کے بعد ممتا بنرجی کو دہلی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.