بھبانی پور کے ضمنی انتخابات میں ممتا بنرجی کی شاندار جیت

ممتابنرجی نے کہا کہ ہمارے خلاف کئی سازشیں ہوئیں۔ بھباپور کے عوام نے ان کا جواب دے دیا ہے۔ پچھلی مرتبہ ہم نے نندی گرام کو چھوڑ کر تمام نشستیں جیتی تھیں۔ نندی گرام کا معاملہ عدالت میں ہے اور میں اس پر زیادہ کچھ نہیں کروں گی۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے جنوبی کولکتہ کے حلقہ اسمبلی بھبانی پور کے ضمنی الیکشن میں اپنی قریبی حریف بی جے پی کی پرینکا تبریوال کو 58,832ووٹوں کے ریکارڈ اکثریت سے شکت دی۔ سابق میں (2011) اس حلقہ سے ممتا بنرجی کی جیت کا ریکارڈ 54,213تھا۔ آج کی جیت کے ساتھ ہی ممتابنرجی نے چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے اپنی پوزیشن محفوظ کرلی ہے۔

 21راؤنڈ کی گنتی کے بعد چیف منسٹر ممتابنرجی نے 1,17,875ووٹوں کے منجملہ 84,709 ووٹ حاصل کرلئے۔ اس طرح انہوں نے 71فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے جبکہ پرینکا تبریوال کے حصہ میں 26,350ووٹ آئے۔ ان ووٹوں کا تناسب زائد از 22فیصد بنتا ہے۔

  • بھبانی پور کے ضمنی انتخابات میں ممتا بنرجی کی شاندار جیت

سی پی آئی ایم امیدوار شریجب بشواس صرف 4,201 ووٹ حاصل کرپائے۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے کہا کہ میں بھبانی پور کے عوام کی شکر گذار ہوں جنہوں نے ریکارڈ مارجن سے جیت میں میری مدد کی۔ نہایت دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کسی بھی وارڈ میں ہماری شکست نہیں ہوئی۔ بھبانی پور میں پولنگ ہمیشہ سست رہتی ہے۔ اس دن بارش بھی ہورہی تھی۔ اس کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں گھر سے باہر نکلے اور انہوں نے ہمیں ووٹ دیا۔

 ممتابنرجی نے کہا کہ ہمارے خلاف کئی سازشیں ہوئیں۔ بھباپور کے عوام نے ان کا جواب دے دیا ہے۔ پچھلی مرتبہ ہم نے نندی گرام کو چھوڑ کر تمام نشستیں جیتی تھیں۔ نندی گرام کا معاملہ عدالت میں ہے اور میں اس پر زیادہ کچھ نہیں کروں گی۔ میں دو انگلیاں اٹھاکر جیت کا نشان نہیں بناؤں گی۔ میں خود غرض نہیں ہوں۔ میرے دو ساتھیوں نے جنگی پور اور شمشیر گنج سے الیکشن لڑا ہے لہذا میں تین انگلیاں بلند کروں گی۔

میڈیا سے بات چیت میں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ فرہاد حکیم نے جو چیف منسٹر کی جیت یقینی بنانے میں سرگرم تھے کہا کہ مجھے ان کی جیت کے تعلق سے کوئی شبہ نہیں تھا۔ یہ بھبانی پور کے عوام کی جیت ہے۔ یہ مغربی بنگال کے عوام کی جیت ہے۔ ممتابنرجی کو نندی گرام میں جس سازش کے تحت ہرایا گیا تھا یہ اس کا جواب ہے۔ عوام نے بدلہ لے لیا ہے۔

انہوں نے بتادیا ہے کہ ممتابنرجی کو اس طرح نہیں روکا جاسکتا۔ وہ قومی سطح پر اہم چہرہ بن چکی ہیں اور یہی عوام کا فیصلہ ہے۔ جنگی پور اور شمشیر گنج میں ترنمول امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ جنگی پور میں ذاکر حسین‘ 16ویں راؤنڈ کی گنتی کے بعد 57,935ووٹوں کی اکثریت سے آگے چل رہے ہیں جبکہ شمشیر گنج میں امیر الاسلام کو 14ویں راؤنڈ کی گنتی کے بعد 17,863ووٹوں کی اکثریت ملی۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.