کھیل

راجستھان رائلز کے مالک پر راس ٹیلر کا سنسنی خیز الزام

یہ میچ موہالی میں ہوا۔ راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان ہوئے میاچ میں آر آر کو 195 کا ہدف ملا تھا اور راس ٹیلر اس میچ میں صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔

حیدرآباد: نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز راس ٹیلر نے اپنی آٹو بائیو گرافی میں چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ "بلیک اینڈ وائٹ” کے عنوان سے شائع کردہ اپنی کتاب میں، ٹیلر نے یاد کیا کہ راجستھان رائلز کے مالکان میں سے ایک مالک نے آئی پی ایل فرنچائز کے ساتھ اپنے دور میں ان کے منہ پر طمانچے رسید کئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے ایک میچ (پنجاب کنگز کے خلاف) میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔  اس وقت فرنچائز کا نام کنگز الیون پنجاب تھا۔ ٹیلر کا یہ بھی کہنا ہے کہ حالانکہ تھپڑ سخت یا تیز نہیں تھے، مگر انہیں یقین نہیں ہے کہ جس نے انہیں تھپڑ مارے، وہ ان کے ساتھ مذاق کررہا تھا۔

یہ میچ موہالی میں ہوا۔ راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان ہوئے میاچ میں آر آر کو 195 کا ہدف ملا تھا اور راس ٹیلر اس میچ میں صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔

راس ٹیلر نے مزید لکھا کہ میچ کے بعد ، ٹیم، معاون عملہ اور انتظامیہ ہوٹل کی اوپری منزل پر بار میں موجود تھے۔ اس موقع پر شین وارن بھی اپنی گرل فرینڈ ایلزبتھ ہرلی کے ساتھ وہاں موجود تھے۔  

ٹیلر نے انکشاف کیا کہ راجستھان رائلز کے مالکان میں سے ایک نے مجھ سے کہا، ‘راس، ہم نے آپ کو صفر پر آؤٹ ہونے کے لئے ایک ملین ڈالر ادا نہیں کیے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے میرے منہ پر تین یا چار بار تھپڑ مارے۔

’’وہ ہنس رہا تھا اور وہ سخت تھپڑ نہیں تھے لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ یہ مکمل طور پر پلے ایکٹنگ تھی۔ ان حالات میں، میں اسے ایشو نہیں بنا رہا تھا، لیکن میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا فرنچائز کا مالک کسی انٹرنیشنل کھلاڑی کے ساتھ ایسا کرسکتا ہے۔‘‘ مشہور کیوی بلے باز نے آخر میں یہ ریمارکس کئے۔

راس ٹیلر نے 2008 سے 2010 تک رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی اور پھر 2011 میں آر آر کے ساتھ رہے۔ انہوں نے دہلی کیپٹلز کی بھی نمائندگی کی، جو اس وقت دہلی ڈیئر ڈیولز کے نام سے جانی جاتی تھی۔