مغربی بنگال میں 3جنوری سے اسکول، کالجس بند، کووڈ تحدیدات پھر سے نافذ

حکومت مغربی بنگال نے بڑھتے کیسس کے بیچ پھر سے سخت کووڈ 19 تحدیدات عائد کردی ہیں۔ اس نے پیر سے تمام تعلیمی ادارے بند کردینے کا حکم جاری کیا۔ دفاتر میں ملازمین کی نصف تعداد کام کرے گی۔

کولکتہ: حکومت مغربی بنگال نے بڑھتے کیسس کے بیچ پھر سے سخت کووڈ 19 تحدیدات عائد کردی ہیں۔ اس نے پیر سے تمام تعلیمی ادارے بند کردینے کا حکم جاری کیا۔ دفاتر میں ملازمین کی نصف تعداد کام کرے گی۔ اتوار کے دن پریس کانفرنس سے خطاب میں چیف سکریٹری ایچ کے دیویدی نے اعلان کیاکہ ریاست میں رات10 بجے تاصبح5بجے صرف لازمی خدمات کی اجازت ہوگی۔

 لوکل ٹرینس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ شام 7بجے تک چلایاجائے گا۔ شاپنگ مال اور بازار رات 10بجے تک کھلے رہیں گے لیکن انہیں نصف گنجائش کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ طویل مسافتی ٹرینیں حسب معمول چلتی رہیں گی۔ کولکتہ میٹرو بھی اپنے مقررہ اوقات کے مطابق چلتی رہے گی لیکن مسافرین کی گنجائش 50 فیصد کردی گئی ہے۔ تمام سیاحتی مقامات بشمول زو بند رہیں گے۔

سوئمنگ پول، پارلر، ویلنیس سنٹرس، اور جمس کو بھی بند رکھنے کا حکم دیاگیا ہے۔ ممبئی اور نئی دہلی سے پروازیں ہفتہ میں صرف 2 مرتبہ چلیں گی۔ برطانیہ سے فی الحال کسی بھی فلائٹ کو آنے نہیں دیاجائے گا۔ سینما ہالوں اور تھیٹرس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

 میٹنگس اور کانفرنسوں میں زیادہ سے زیادہ 200لوگوں کی اجازت ہوگی۔ غذا اور دیگر لازمی اشیاء کی ہوم ڈیلیوری جاری رہے گی۔ شادیوں میں 50 سے زائد اور آخری رسومات میں 20 سے زائد افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

 مغربی بنگال میں ہفتہ کے دن کووڈ 19کے 4,512 نئے کیسس رپورٹ ہوئے جو پچھلے دن سے 1061 زائد ہیں۔ کولکتہ شہر میں 2398 نئے کیسس سامنے آئے ہیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.