نوجوت سنگھ سدھو نے دوبارہ پنجاب کانگریس صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی

سدھو کے دوبارہ چارج سنبھالنے کے بعد، چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے ساتھ ان کا جاری ٹکراؤ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

چنڈی گڑھ: پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے آج یہاں ریاستی پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچنے کے بعد اپنا کام دوبارہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج ہریش چودھری بھی موجود تھے۔ سدھو کے دوبارہ چارج سنبھالنے کے بعد، چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے ساتھ ان کا جاری ٹکراؤ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی تنظیم اور حکومت کے درمیان باہمی تال میل کے ساتھ مضبوطی سے ریاستی اسمبلی انتخابات میں اترنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ برگاڑی کی توہین اور فائرنگ کی منصفانہ جانچ اور مجرموں کی سزا یقینی بنانے اور ڈرگ مافیا کو ختم کرنے جیسے دو اہم امورکی بدولت ریاست میں 2017 میں برسراقتدار آنے والی کانگریس حکومت کے اس سمت میں کچھ ٹھوس نہ کرپانے کے سبب امریندر سنگھ کو چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے پر مجبور ہونا پڑا۔

 اس کے بعد چرنجیت سنگھ چنی نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، لیکن ان کی جانب سے ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل ( اے جی )کے عہدے پر امرپریت سنگھ دیول کی تقرری اور اقبال پریت سنگھ سہوتا کو ریاست کا قائم مقام ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) بنائے جانے سے سدھو ناراض ہوگئے۔ اور انہوں نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 28 ستمبر کو ریاستی کانگریس صدر کے عہدہ سے اپنا استعفیٰ پارٹی ہائی کمان کو بھیج دیا تھا۔

 سدھو کے استعفیٰ واپس لینے کے سلسلہ میں کافی بات چیت ہوئی لیکن وہ نہیں مانے۔ تاہم اس دوران سدھو کے متبادل کی تلاش بھی ہونے لگی۔ دیول کے حال ہی میں استعفیٰ دینے اور ریاستی حکومت کے اسے منظور کر نے اور ڈی جی پی کے عہدہ پر تقرری کے لیے ریاست کی جانب سے 30 سال کی سروس مکمل کرنے والے سینئر آئی پی ایس افسران کا ایک پینل مرکزی حکومت کو بھیجنے کے بعد سدھو کے تیور نرم پڑ گئے۔

حالانکہ اس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے ریاستی صدر کے عہدہ سے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا تھا، لیکن ساتھ ہی یہ شرط بھی لگادی تھی کہ وہ اے جی کے جانے کے بعد ہی پارٹی ہیڈکوارٹر جاکر اپنا کا م کاج سنبھالیں گے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.