فلائی اوور بنگال کا، اشتہار یوگی کا

انڈین اکسپریس میں آج شائع شدہ اشتہار میں ”یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اترپردیش بدل رہا ہے“ کے عنوان کے ساتھ نیلے اور سفید رنگ کے ایک فلائی اوور کا امیج دیا گیا ہے جو مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس کے رنگ سے مماثلت رکھتا ہے۔

لکھنؤ/ کولکتہ: بی جے پی کی حریف پارٹیوں نے آج چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اترپردیش میں معاشی ترقی پر حکومت اترپردیش کے ایک اشتہار میں بظاہرکولکتہ فلائی اوور کی ایک امیج کا استعمال کرنے پر بھگوا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دراصل مغربی بنگال میں چیف منسٹر ممتا بنرجی کی جانب سے کیے گئے ”عظیم کام“ کا ایک اعتراف ہے۔

انڈین اکسپریس میں آج شائع شدہ اشتہار میں ”یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اترپردیش بدل رہا ہے“ کے عنوان کے ساتھ نیلے اور سفید رنگ کے ایک فلائی اوور کا امیج دیا گیا ہے جو مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس کے رنگ سے مماثلت رکھتا ہے۔

اشتہار میں یہ پیغام دیا گیا ”2017ء سے پہلے یوپی نے سرمایہ کاری کو سنجیدگی سے نہیں لیا تھا لیکن ساڑھے چار سال کی حکومت میں اس منفی تاثر کو ختم کردیا گیا ہے اور 2020ء میں یہ ملک کی دوسری سب سے بڑی معیشت بن کر ابھرا ہے“۔

ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن، ابھیشیک بنرجی، مہوا موئترا اور فرہاد حکیم نے بی جے پی کے اس اشتہار کا خوب مضحکہ اڑایا اور دعویٰ کیا کہ زعفرانی پارٹی نے اب بالواسطہ طور پر ممتا بنرجی کی حکومت میں انجام دیے گئے شاندار ترقیاتی کاموں کا اعتراف کیا ہے اور یہاں تک کہ اسے مناسب طور پر سراہا بھی ہے۔

انڈین اکسپریس جس میں یہ اشتہار شائع ہوا ہے، آج یہ کہتے ہوئے تصحیح جاری کی کہ اخبار کے مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اترپردیش پر اڈورٹوریل کے کولیج کا احاطہ کرنے میں نادانستہ طور پر ایک غلط امیج شامل ہوگئی ہے۔ اس غلطی پر ہمیں گہرا افسوس ہے۔

تاہم ڈیرک اوبرائن نے انڈین اکسپریس کی اس وضاحت کو مسترد کردیا اور کہا کہ اشتہار دینے کے لیے صرف اور صرف ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔

راجیہ سبھا ایم پی اوبرائن  کے مطابق متعلقہ اخبار پر دباؤ ڈال کر ایک بیان جاری کروایا گیا ہے، تاکہ وہ اس کی ذمہ داری اپنے سر لے کر حکومت کو خفت سے بچائے۔ اوبرائن نے کہا کہ کئی برسوں سے وہ بھی ایک اڈورٹائزنگ ایجنسی رکھتے ہیں اور اشتہار میڈیا میں جاری ہونے سے قبل کلائنٹ کو اسے منظور کرنا ہوتا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا ”یہ ایک فاش غلطی ہے، لیکن اس کا صرف ایک  مثبت پہلو یہ ہے کہ بی جے پی مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حکومت کی جانب سے کیے گئے شاندار کاموں کو تسلیم کررہی ہے“۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.