تلنگانہ

داسوجی شراون بی جے پی میں شامل

کانگریس پارٹی کے سابق ترجمان نے نئی دہلی میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری وانچارج تلنگانہ تنظیمی امور ترون چگھ کی موجودگی میں زعفرانی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔

حیدرآباد۔: کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دینے کے 2 دنوں بعد داسوجی شراون اتوار کے روز بی جے پی میں شامل ہوگئے۔

کانگریس پارٹی کے سابق ترجمان نے نئی دہلی میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری وانچارج تلنگانہ تنظیمی امور ترون چگھ کی موجودگی میں زعفرانی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔

اس موقع پر مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی، ایم پی کے لکشمن، سابق ایم پی وویک وینکٹ سوامی، مرلیدھر راؤ اور پارٹی کے دیگر سینئر قائدین موجود تھے۔

ترون چگھ نے پارٹی رکنیت کارڈ پیش کرتے ہوئے شراون کو رسمی طور پر بی جے پی میں شامل کیا۔ بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شراون نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے، سیاسی تبدیلی ضروری ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے کئی قائدین کی کیسینو آر گنائزر چکوٹی پروین کو تائید حاصل ہے۔ای ڈی نے حالیہ دنوں پروین سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ شراون نے الزام عائد کیا کہ عوامی دولت کو لوٹنے میں ٹی آر ایس قائدین مصروف ہیں اور ٹی آر ایس حکومت نے ریاست کو قرض کے جال میں پھنسا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا اب وقت آگیا ہے۔ ترون چگھ نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے انجام دئیے گئے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر شراون، بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف بی جے پی ہی ریاست میں ٹی آر ایس کا متبادل بن سکتی ہے۔