دوسرا ٹیکہ لینے والے افراد کی تعداد پہلا ٹیکہ لینے والوں سے زیادہ

کووڈ ٹیکہ کاری مہم میں 113 کروڑ 68 لاکھ 79 ہزار 685 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ ملک میں 75 کروڑ57 لاکھ 24 ہزار 81 لوگوں کو کووڈ ٹیکے کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔ جب کہ 38 کروڑ 11 لاکھ 55 ہزار 604 افراد کو دوسری خوراک دی جاچکی ہے۔

نئی دہلی: ملک میں کووڈ کا دوسرا ٹیکہ لینے والے لوگوں کی تعداد پہلا ٹیکہ لینے والے لوگوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود منسکھ مانڈویا نے چہارشنبہ کو یہاں کہا کہ کووڈ کا دوسرا ٹیکہ لینے والے لوگوں کی تعداد پہلا ٹیکہ لینے والے لوگوں سے زیادہ ہونا یہ ظاہرکرتا ہے کہ لوگوں کا کووڈ ٹیکے پر بھروسہ بڑھ رہا ہے۔ ’کوویڈ ٹیکہ کاری، اور ’ہر گھر دستک ‘ مہم کامیاب ہورہی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کوویڈ ٹیکہ کاری مہم میں 113 کروڑ 68 لاکھ 79 ہزار 685 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ ملک میں 75 کروڑ57 لاکھ 24 ہزار 81 لوگوں کو کووڈ ٹیکے کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔ جب کہ 38 کروڑ 11 لاکھ 55 ہزار 604 افراد کو دوسری خوراک دی جاچکی ہے۔ اس سے واضح ہوتاہے کہ 37 کروڑ 45 لاکھ 68 ہزار 477 لوگوں کو ابھی پہلی خوراک ہی لگی ہے۔ ملک میں 80 فیصد اہل آبادی کو پہلا اور 40فیصد آبادی کو دونوں ٹیکے دیے جاچکے ہیں۔

مانڈویا نے کہا کہ حکومت کے کووڈ وبا سے نپٹنے کے طور طریقوں پر لوگوں کا بھروسہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مہینے تک چلنے والی ’ہر گھر دستک‘ مہم میں ہر ایک ہندستانی کی ٹیکہ کاری ہوجائے گی۔ ہر ایک ہندستانی کو کم سے کم کوویڈ ٹیکے کی پہلی خوراک لگ جائے گی۔ اس مہم میں ان لوگوں کو بھی ترغیب دی جائے گی جنہیں پہلا ٹیکہ لگا ہے، لیکن دوسرا ٹیکہ نہیں لے پائے ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق 12 کروڑ سے زائد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے وقت ہونے کے باوجود دوسرا ٹیکہ نہیں لیا ہے۔

مرکزی وزیر نے بتایا کہ جن اضلاع میں ٹیکہ کاری 50 فیصد سے کم ہوئی ہے ، وہیں گھر گھر جاکر کوویڈ ٹیکہ لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوویڈ ٹیکوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں ماہانہ 34 سے 35 کروڑ کووویڈ ٹیکوں کی پیداوار کی جارہی ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.