مسلم پرسنل لا بورڈ کا ”نبی رحمتؐ‘‘ ٹویٹر مہم کا اعلان

برادران اسلام بالخصوص ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، سوشل ایکٹیوسٹ اور نوجوانان ملت سے اپیل ہے کہ وہ اس ”نبی رحمتؐ ٹویٹر ٹرینڈ“ میں بھرپور حصہ لے کر محبت رسولﷺ کا ثبوت دیں۔

نئی دہلی: ماہ ربیع الاول اسلامی مہینوں میں اس اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں حضرت محمد رسول اللہﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی، جو ساری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے اور جن کے تشریف لانے سے سسکتی بلکتی انسانیت کو نئی زندگی ملی۔

ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے کنوینر اور بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کیا۔ مولانا نے کہا کہ نبیٔ رحمتؐ کی بعثت سے قبل پوری دنیا ظلمت کدہ بن چکی تھی، ہر طرف قتل وغارت گری، لوٹ مار، ظلم و ستم کا دور دورہ تھا، لڑکیوں کی پیدائش کو معیوب سمجھا جاتا تھا اور انہیں پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، انسان انسانیت کی سطح سے نیچے گر چکا تھا۔ ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو سارے عالم کیلئے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔

آپؐ کی تشریف آوری یقیناً پوری انسانیت کے لئے باعث رحمت تھی۔ آپ کی آمد سے ایک طرف جہاں معبودان باطل منہ کے بل گر پڑے اور توحید و رسالت کا پرچم بلند ہوا تو وہیں دوسری طرف ظلم وستم کے بادل چھٹ گئے اور عدل وانصاف کا نظام قائم ہوا۔ آپؐ نے انسانوں کو انسانیت کا درس دیا، اپنی تعلیمات سے لوگوں کو جینے کی راہ دکھائی، دنیا کو امن و امان اور اطمینان و سکون کا پیغام دیا۔

مولانا نے کہا کہ آپؐ نے زندگی کے ہر گوشے میں رہبری فرمائی اور سب کو برابری کا درجہ دیا۔ آپ نے بتایا کہ سارے انسان آپس میں برابر ہیں، کسی گورے کو کالے پر، مالدار کو غریب پر، عربی کو عجمی پر، آقا کو غلام پر اور بادشاہ کو عامی پر ہرگز فوقیت حاصل نہیں، نگاہ خداوندی میں وہی شخص محترم ومکرم ہے جو اس سے ڈرتا ہے اور اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارتا ہے۔

مولانا رحمانی نے مزید کہا کہ آپؐ کو اللہ تعالیٰ نے نسلِ انسانی کے لیے بہترین نمونہ بنایا ہے۔ آپؐ کا طور طریقہ فطرت اور عقل کے عین مطابق ہے۔ محسن انسانیتؐ کے معمولات زندگی تاقیامت شعار و معیار ہیں۔ پوری انسانیت کیلئے صبح قیامت تک نبی کریمؐ کی سنت و شریعت ہی مشعلِ راہ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سیرت النبیؐ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ آپ کی مبارک زندگی کا ایک ایک حصہ یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک احادیث شریفہ اور روایات کے ذریعے محفوظ کردیا گیا ہے تاکہ اس سے رہنمائی حاصل کی جاسکے۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں جہاں آقاﷺ کی سیرت کو اپنانا ہے وہیں آپﷺ کی سیرت کو عام بھی کرنا ہے۔

اسی کے پیش نظر رسول اللہﷺ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ کو عام کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے ”نبی رحمتؐ“ کے نام سے ٹویٹر پر ٹرینڈ رکھا جا رہا ہے۔ ٹرینڈ کیلئے 11؍ ربیع الاول مطابق 18؍ اکتوبر بروز پیر شام سات بجے کا وقت طے کیا گیا ہے۔ وقت سے پہلے ان شاء اللہ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ہیش ٹیگ کا اعلان کیا جائے گا اور بورڈ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیا جائے گا۔

مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے تمام برادران اسلام بالخصوص ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، سوشل ایکٹیوسٹ اور نوجوانان ملت سے اپیل کی کہ وہ اس ”نبی رحمتؐ ٹویٹر ٹرینڈ“ میں بھرپور حصہ لے کر محبت رسولﷺ کا ثبوت دیں۔ لنک https://twitter.com/AIMPLB_Official کے ذریعے بورڈ کے آفیشیل ٹویٹر ہینڈل کو فالو کیا جاسکتا ہے۔

ذریعہ
پریس نوٹ

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.