جموں و کشمیر

کشمیر میں گرفتار علماء نوجوانوں کو اُکسا رہے تھے: پولیس عہدیدار

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس کشمیر وجئے کمار نے اتوار کے دن کہاکہ سخت قانون پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے) کے تحت گرفتار علماء کئی وارننگس کے باوجود نوجوانوں کو اُکسارہے تھے۔

سری نگر: ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس کشمیر وجئے کمار نے اتوار کے دن کہاکہ سخت قانون پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے) کے تحت گرفتار علماء کئی وارننگس کے باوجود نوجوانوں کو اُکسارہے تھے۔

اُنہوں نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہاکہ ہمارے پاس کافی ثبوت تھا۔ اِسے لئے ہم نے اُنہیں کئی مرتبہ بلاکر سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ نوجوانوں کو نہ بھڑکائیں۔

یہ لوگ جب باز نہیں آئے تو ان کیخلاف پی ایس اے کے تحت معاملہ درج ہوا۔ گزشتہ چند دن میں کئی علماء کو گرفتار کیاجاچکا ہے۔ پولیس عہدیدار نے کہاکہ ضرورت ہوتو میڈیا کو ثبوت دیاجاسکتا ہے۔

یہ پوچھنے پر کہ آیا مزید علماء پرپولیس کی نظر ہے۔ وجئے کمار نے کہاکہ پولیس کے پاس دوسروں کیخلاف بھی ثبوت ہے اور اسے مطابق کارروائی ہوگی۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ ممنوعہ جماعت اسلامی کشمیر کے تعلق سے خبریں ہیں کہ وہ اپنی سرگرمیاں خفیہ طریقہ سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اُنہوں نے کہاکہ نظم وضبط کی برقراری صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ ہر کسی کی ذمہ داری چاہے وہ شہری ہو، فورسس ہو یا میڈیا۔