کئی ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی

مرکز نے ریاستوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بھی ایندھن پر ٹیکسس میں مناسب کمی کریں۔ اس اپیل پر عمل کرتے ہوئے تقریباً ایک درجن ریاستی حکومتوں نے جن میں شمال میں اترکھنڈ سے لے کر جنوب میں کرناٹک تک شامل ہیں‘ پٹرول اور ڈیزل پر ویاٹ کی شرح گھٹادی ہے۔

نئی دہلی: صرف مرکز ہی نہیں بلکہ کئی ریاستی حکومتیں بھی پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس گھٹانے کے لئے آگے آئی ہیں تاکہ صارفین کو اس دیوالی کے موقع پر ایندھن کی سب سے اونچی قیمتوں سے زیادہ راحت دلائی جاسکے۔ مرکز نے چہارشنبہ کو اعلان کیا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل پر 4 نومبر سے بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے اکسائز ڈیوٹی گھٹائی جائے گی۔

مرکز نے ریاستوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بھی ایندھن پر ٹیکسس میں مناسب کمی کریں۔اس اپیل پر عمل کرتے ہوئے تقریباً ایک درجن ریاستی حکومتوں نے جن میں شمال میں اترکھنڈ سے لے کر جنوب میں کرناٹک تک شامل ہیں‘ پٹرول اور ڈیزل پر ویاٹ کی شرح گھٹادی ہے تاکہ صارفین کو قیمتوں میں کمی کا بڑا فائدہ پہنچایا جاسکے۔ اس کی وجہ سے ان ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 7 تا 17 روپے فی لیٹر کم ہوئی ہے۔

 اترپردیش میں سنٹرل اکسائز ڈیوٹی میں کمی کے سبب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت صرف 5 اور 10 روپے فی لیٹر کم ہوئی تھی لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے ویاٹ میں کمی کرنے سے دونوں ایندھنوں کی قیمت میں زائداز 12 روپے فی لیٹر کی کمی آئی ہے۔ اسی طرح اترکھنڈ نے بھی ریاست میں پٹرول کی قیمت میں ویاٹ میں 2 روپے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت کرناٹک نے کہا ہے کہ وہ 4 نومبر سے پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 7 روپے فی لیٹر ویاٹ میں کمی کررہی ہے۔

اترپردیش کی طرح حکومت ہریانہ نے بھی ریاست میں ایندھن کی قیمتوں پر ویاٹ میں کمی کردی ہے۔ اب پٹرول اور ڈیزل دونوں یہاں 12 روپے فی لیٹر سستے ہوجائیں گے۔ حکومت ِآسام نے بھی ویاٹ میں کمی کی ہے اور ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کی کمی آئی ہے۔ چیف منسٹر گوا پرمود ساونت نے ریاست میں پٹرول اور ڈیزل پر ویاٹ میں 7 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔

تریپورہ میں جمعرات سے پٹرول اور ڈیزل بالترتیب 12 روپے اور 17 روپے فی لیٹر سستا ہوجائے گا۔ گجرات نے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کی کمی لائی ہے۔ دیگر ریاستوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکومت منی پو رنے بھی پٹرول اور ڈیزل پر ویاٹ میں 7 روپے فی لیٹر کم کردیئے ہیں جس پر فوری عمل ہوگا۔ چیف منسٹر سکم پریم سنگھ تمنگ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے گی۔ مرکز کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد انہوں نے یہ اعلان کیا۔

 جمعرات کے روز دہلی میں پٹرول کی قیمت صبح 6 بجے سے 103.97 روپے فی لیٹر ہوگئی جو ایک دن پہلے 110.04 روپے فی لیٹر تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں زیادہ کمی آئی۔ اس ایندھن کی قیمت 98.42 روپے فی لیٹر سے گھٹ کر 86.67 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ سرکاری زیرانتظام فیول رِٹیلرس کے اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔ تجارتی دارالحکومت ممبئی میں پٹرول کی قیمت جو قبل ازیں 115.85 روپے فی لیٹر تھی‘ گھٹ کر 109.98 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل کی قیمت جو 106.62 روپے فی لیٹر تھی‘ گھٹ کر 94.14 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس کے باوجود اس شہر میں ایندھن کی قیمت تمام میٹرو شہروں میں سب سے زیادہ ہے۔

 کولکتہ میں پٹرول کی قیمت 5.82روپے کمی کے بعد 104.67 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 11.77 روپے کی کمی کے ساتھ 89.79 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ چینائی میں پٹرول کی قیمت میں 5.26 روپے کی کمی آئی ہے اور یہ گھٹ کر 101.40روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 11.16 روپے فی لیٹر کی کمی آئی ہے اور اب اس کی قیمت 91.43 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ جمعرات کو قیمتوں میں کمی سے پہلے چہارشنبہ کے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ روک دیا گیا تھا لیکن اس سے پہلے مسلسل 7 دن تک دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا جس کے نتیجہ میں پٹرول کی قیمت دہلی میں 2.45 روپے فی لیٹر بڑھ گئی تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی گزشتہ ہفتہ 2.10  روپے فی لیٹر بڑھ گئی تھی۔درحقیقت ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 41 دن کے دوران 30مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا اور اس کی چلر فروشی قیمت 9.90 روپے فی لیٹر بڑھ گئی تھی۔

بھوپال سے موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے بموجب مرکزی اور مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں راحت دینے کے بعد ریاست میں آج آدھی رات سے ان دونوں کی قیمتوں میں بالترتیب 12 روپے اور 17 روپے کی کمی ہو جائے گی۔اب تقریبا پٹرول 107 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 91 روپے دستیاب ہوگا۔ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کو کم کرنے کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کے اعلان کے بعد اس سے متعلق رہنما خطوط بھی جاری کیے گئے، جو آج نصف شب سے نافذ ہوں گے۔ اس کے مطابق ریاست میں راحت کی وجہ سے پٹرول تقریباً 5 روپے اور ڈیزل تقریباً 4 روپے سستا ہو گا۔  مدھیہ پردیش حکومت کی راحت کے بعد اب ان کا ریٹ بالترتیب 107 روپے اور 91 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.