15 اکتوبر کو مودی۔ شاہ کے پتلے نذرآتش کئے جائیں گے: یوگیندر یادو

یوگیندر یادو نے یہ بھی کہا کہ 15 اکتوبر کو دسہرہ پر سمیکت کسان مورچہ‘ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے پتلے نذرآتش کرے گا۔

نئی دہلی: کسان قائدین نے ہفتہ کے دن مرکزی وزیر اجئے مشرا اور ان کے لڑکے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لکھیم پور کھیری واقعہ کو منصوبہ بند سازش قراردیا۔

سمیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) قائد یوگیندر یادو نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اجئے مشرا کو وزارت سے ہٹادینا چاہئے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ سازش کی شروعات اجئے مشرا نے ہی کی تھی اور یہ شخص خاطیوں کو بچا بھی رہا ہے۔

یوگیندر یادو نے یہ بھی کہا کہ 15 اکتوبر کو دسہرہ پر سمیکت کسان مورچہ‘ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے پتلے نذرآتش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے تئیں جارحانہ رخ اپنایا ہے لیکن ہم تشدد کی راہ نہیں اختیار کریں گے۔ سمیکت کسان مورچہ 18 اکتوبر کو ریل روکو احتجاج کرے گا۔ آئی اے این ایس کے بموجب سمیکت کسان مورچہ نے ہفتہ کے دن مشترکہ پریس کانفرنس میں 5 مطالبے رکھے۔

اس نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ اجئے مشرا کے استعفیٰ اور ان کے لڑکے آشیش مشرا کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔ کسانوں کی تنظیم نے جو 5 مطالبات رکھے ہیں ان میں لکھیم پور کھیری کے مہلوک کسانوں کے لئے خصوصی دعائیہ اجتماع‘ ریل روکو آندولن‘ شہید کسان یاترا‘ دسہرہ پر بی جے پی قائدین کے پتلے جلانا اور کسان مہاپنچایت شامل ہیں۔

کسانوں نے اپنی برہمی کے اظہار کے لئے 5 رخی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ سمیکت کسان مورچہ نے کہا کہ ہم اترپردیش اور ملک بھر کے کسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 12 اکتوبر کو موضع تکونیہ میں خصوصی دعائیہ اجتماع میں شرکت کریں۔ ہم ملک بھر کی کسان تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خصوصی دعائیہ اجتماع کا اہتمام 12 اکتوبر کو قریبی گردوارہ‘ مندر‘ مسجد‘ گرجا گھر یا کسی اور عام مقام پر کریں۔

اُس دن شام کو کینڈل مارچ نکالا جائے۔ 15 اکتوبر کو دسہرہ پر وزیراعظم مودی‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور مقامی بی جے پی قائدین کے پتلے جلائے جائیں گے۔ 18 اکتوبرکو صبح 10 تا سہ پہر 4 بجے ریل روکو آندولن ہوگا۔ 26 اکتوبر کو لکھنو میں سمیکت کسان مورچہ کی کسان مہاپنچایت ہوگی۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.