الیکٹرک وہیکلس پر رجسٹریشن فیس اور روڈ ٹیکس معاف

ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ نئی الیکٹرک وہیکلس پالیسی کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

حیدرآباد:  ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے کہا کہ، حکومت الیکٹرک وہیکلس کے استعمال کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ الیکٹرک وہیکلس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ نئی الیکٹرک وہیکلس پالیسی کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ریاست میں الکٹرانک وہیکلس کی خریداری میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔

اجئے کمار نے کہا کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلس کے استعمال میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے آٹو موبائیل مینو فیکچررس کی جانب سے اس شعبہ پر توجہ مبذول کی گئی ہے۔

اس موقع پر پی اجئے کمار نے ایم جی آٹو موبائلس کی جانب سے تیار کردہ سیون سیٹر اور فائیو سیٹر پیاسنجر وہیکلس کی نقاب کشائی کی۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ الیکٹرک اینڈ انرجی اسٹوریج پالیسی2020-2030 کے تحت الیکٹرک وہیکلس کیلئے رجسٹریشن فیس اور روڈ ٹیکس کو مکمل طور پر معاف کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی خریداری کے خواہشمند افراد الیکٹرک وہیکلس کی خریداری میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ریاست میں 4568 الیکٹرک وہیکلس فروخت کی گئی ہیں جن میں 3572 ٹووہیلرس شامل ہیں ان گاڑیوں پر حکومت کی جانب سے19.93کروڑ روپے ٹیکس معاف کیا گیا۔

اگرچہ کہ اس اقدام سے سرکاری خزانہ کو نقصان ہورہا ہے مگر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ریاست میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے الیکٹرک وہیکلس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الیکٹرک وہیکلس کی تیاری کے شعبہ میں قدم رکھی ایم جی آٹو موٹیوس کے ذمہ داروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.