مشرق وسطیٰ

روایتی ملبوسات پہنے سعودی شہریوں کا یوم تاسیس پر جشن

اسلامی ملک سعودی عرب میں آج یوم تاسیس قومی جوش وخروش اور بھرپور جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ریاض: اسلامی ملک سعودی عرب میں آج یوم تاسیس قومی جوش وخروش اور بھرپور جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی عرب میں یوم تاسیس قومی جوش وخروش اور بھرپور جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔ اس موقع پر دارالحکومت ریاض سمیت مملکت کے تمام علاقوں میں ہر طرف سعودی پرچموں لہرا رہے ہیں۔ ریاض میں وزارت داخلہ کی عمارت کو خصوصی طورپر سبز قمقموں سے سجایا گیا ہے جس سے رات کے وقت علاقے کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔

یوم تاسیس پر دارالحکومت ریاض میں ڈرون شو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ فیصلیہ ٹاور پر ہونے والے اس ڈرون شو کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جب کہ کنگڈم ٹاور کو بھی یوم تاسیس کے حوالے سے روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

مملکت کے تمام شہروں کی اہم سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کو سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں یوم تاسیس کے حوالے سے ’تاسیسی گاوں‘ کے عنوان سے خصوصی علاقے تیار کیے گئے ہیں جہاں تقریبات منعقد کی جار ہی ہیں ۔

وزارت داخلہ کی جانب سے یوم تاسیس کے موقع پرمختلف نوعیت کے پروگرامز ترتیب دیئے گئے جن میں فوجی پریڈ ، ڈرامے ، شعری محفل و ثقافتی شوز شامل تھے۔

دوسری جانب حائل ریجن میں بھی یوم تاسیس کے موقع پر ثقافتی شوز کا اہتمام کیا گیا۔ ’تاسیسی قصبہ‘ کے عنوان سے نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جو تین دن تک جاری رہی گی۔ نمائش میں مملکت کے عہد رفتہ کے عکاسی کی گئی ہے جبکہ بچوں کے لیے خصوصی طور پر تفریحی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔

العلا کمشنری میں بھی مملکت کے یوم تاسیس کے موقع پر شہر کے وسط میں خصوصی شوز کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں قومی پروگرامز پیش کیے جارہے ہیں۔ منعقدہ نمائش میں بچوں نے علاقے کے لباس پہن کرثقافتی شوز پیش کیے۔