بی جے پی، امراوتی کسانوں کے احتجاج کی تائید کرنے پر مجبور

پارٹی ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ بی جے پی کے سرکردہ قائد و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی شدید ناراضگی کے بعد اے پی بی جے پی کی قیادت پدیاترا میں شرکت کیلئے متحرک ہوئی۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے کئی بی جے پی قائدین اتوار کے روز مہاپدیاترا میں شرکت کیلئے روانہ ہوئے ہیں تاکہ امراوتی ریجن کے کسانوں کے ساتھ اظہار یگانگت کرسکیں۔ یہ کسان، حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے 3صدر مقامات کی تجویز کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ بی جے پی کے قائدین جنہوں نے اس پدیاترا میں شرکت کی ان میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری دگو بائی پورند یشوری، ریاستی صدر سومو ویرا راجو، ایم پی سجنا چودھری اور سابق ریاستی صدر کنالکشمی نارائنہ شامل ہیں۔

 بی جے پی کیڈر بھی بڑے پیمانے پر اس احتجاج میں شامل ہورہا ہے۔ امراوتی ریجن کسانوں کے 45روزہ طویل مہاپدیاترا کے آغاز کے 20دنوں بعدبی جے پی نے حیرت انگیز طور پر یاترا میں شرکت کا قدم اٹھایا۔ موجودہ حکومت کے امراوتی کو واحد صدر مقام برقرار رکھنے ک ے بجائے تین صدر مقامات بنانے کی تجویز کے خلاف کسانوں نے مہا پدیاترا جس کو ”کورٹ سے ٹمپل“ کا نام دیا گیا، شروع کی ہے۔ پارٹی ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ بی جے پی کے سرکردہ قائد و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی شدید ناراضگی کے بعد اے پی بی جے پی کی قیادت پدیاترا میں شرکت کیلئے متحرک ہوئی۔

 بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے پارٹی قائدین سے اس مسئلہ سے دوری اختیار کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد پارٹی قیادت اس مسئلہ پر جاری احتجاج میں شرکت پر مجبور ہوگئی۔ نیلور روانہ ہونے سے قبل پارٹی قائدین پورندیشوری اور ویرراجو نے وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امراوتی ریجن کے کسانوں کے جاری احتجاج کی تائید کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بی جے پی، امراوتی کو واحد صدر مقام برقرار رکھنے کے اپنے سابق عہد پر برقرار رہے۔

 امراوتی کے کسانوں کی مہا پدیاترا کا آغاز یکم نومبر سے ہوا اور ان کا احتجاج گذشتہ650 دنوں سے جاری ہے۔ امراوتی پری رکھشنا سمیتی اور امراوتی جائنٹ ایکشن کمیٹی (2 اے سی) کی جانب سے ہر روز10سے15کیلو میٹر پدیاترا کی جارہی ہے اور 45 دنوں میں یہ یاترا تروپتی پہنچ جائے گی۔ 45کے منجملہ 20 دنوں کی یاترا مکمل ہوچکی ہے۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.