اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا! اپوزیشن کو کے ٹی آر کا انتباہ

کے ٹی آر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین عمر کا لحاظ کئے بغیر کے سی آر کے خلاف شخصی ریمارکس کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو اپوزیشن کے الزامات کا منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں حکمران ٹی آر ایس کے کارگذار صدر و ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے تارک راما راؤ نے حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے جھوٹے پروپگنڈہ کی مذمت کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پُرامن انداز میں علحٰدہ تلنگانہ تحریک چلائی اور اس کو کامیاب بنایا۔

تاہم دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین عمر کا لحاظ کئے بغیر کے سی آر کے خلاف شخصی ریمارکس کر رہے ہیں۔ کے تارک راما راؤ آج جل وہار سکندرآباد میں ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ میں جو ترقیاتی کام نہیں کئے گئے وہ کام اب حکومت نے کئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب برقی اور پینے کے پانی کی قلت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف غیر مہذب الفاظ کا استعمال کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔ ٹی آر ایس قائدین اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر تک گریٹر حیدرآباد کے بلدی حدود میں بوتھ اور منڈل سطح کی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ گریٹر حیدرآباد و میونسپل کارپوریشن کے ضلعی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے۔ شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن کے موقع پر سڑکوں کی تعمیر دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے گئے۔ (منصف نیوز بیورو)

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.