آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو آوٹر رنگ روڈ سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت

ان صنعتی اداروں کو منتقل کرنے کی 6 ماہ کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر منتقلی کیلئے مختص کردہ اراضیات کو واپس لے لیا جائے گا۔

حیدرآباد:تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کا رپوریشن (ٹی ایس آئی آئی سی) نے آلودگی پھیلا نے والی چند صنعتوں کو حیدرآباد آوٹر رنگ روڈ (اوآر آر) سے آگے منتقل کرنے کی نوٹسیں جاری کی ہیں۔

ان صنعتی اداروں کو منتقل کرنے کی 6 ماہ کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر منتقلی کیلئے مختص کردہ اراضیات کو واپس لے لیا جائے گا۔

گذشتہ چند ہفتوں کے دوران صدرنشین کارپوریشن جی بالا ملو نے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ کاٹے دھن کا دورہ کرتے ہوئے خوردنی تیل کی پراسسنگ، آئرن اینڈ اسٹیل یونٹوں کا معائنہ کیا تھا۔

صرف کاٹے دھن میں خوردنی تیل کے پراسسنگ کے20یونٹس ہیں جبکہ آئرن اینڈ اسٹیل کے 25 کے قریب یونٹس کام کررہے ہیں۔ انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مختلف صنعتی یونٹوں کا بھی معائنہ کیا اسی دوران انہوں نے یونٹوں کے انتظامیہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں یہاں دیگر انڈسٹریل پارکس میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کارپوریشن کے عہدیداروں نے صنعتی اداروں کے انتظامیہ سے صنعتوں کو آوٹر رنگ روڈ سے آگے منتقل کرنے کے سلسلہ میں درکار مزید سہولتوں کے بارے میں بھی واقفیت حاصل کی۔

کارپوریشن نے خوردنی تیل یونٹوں کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے ان یونٹوں کو بچنا پلی اور ظہیر آباد منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ آئرن اور اسٹیل یونٹوں کو حلقہ اسمبلی پرگی کے راکا ماچرلہ منتقل کرنا ہوگا۔

حکومت نے راکا ماچرلہ اور پودو رو مواضعات کے حصوں کا احاطہ کرتے ہوئے 150 ایکڑ پرمشتمل انڈسٹریل پارک قائم کیا ہے۔ آئرن اینڈ اسٹیل یونٹوں کو راکاماچرلہ منتقل کرنے کا مقصد کاٹے دھن میں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کو روکنا اور پارک کے اطراف واکناف کے نئے علاقوں کے مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنا ہے۔

راجندر نگر کے شاستری پورم میں قائم پلاسٹک یونٹوں کو تما لورو ضلع رنگاریڈی منتقل کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے۔

اس سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور جی ایچ ایم سی نے پلاسٹک یونٹوں کو فوری اثر کے ساتھ منتقل کرنے کی نوٹسیں جاری کی ہیں۔ اس مقام پر حکومت نے143 ایکراراضی پر انڈسٹریل پارک کو فروغ دیا ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.