انٹر کے نصاب میں 30 فیصد کٹوتی کی تجویز حکومت کو روانہ

بورڈ کے عہدیدار کے مطابق سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے تعلیمی سال 22-2021 میں انٹر کے نصاب میں 30فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے سال گذشتہ کی طرح رواں تعلیمی سال 22-2021میں بھی 70فیصد نصاب کو رائج کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کی ہے۔

نصاب میں کٹوتی کی تجویز حکومت کو روانہ کی گئی ہے۔ بورڈ کے عہدیدار کے مطابق سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے تعلیمی سال 22-2021 میں انٹر کے نصاب میں 30فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے فوری اثر کے ساتھ اسٹیٹ انٹربورڈ کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت‘ انٹر کے نصاب میں 30فیصد کٹوتی، گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی 70فیصد نصاب رائج کرنے کی تجویز کو بعجلت ممکنہ منظوری دے گی۔

گذشتہ سال 70فیصد نصاب پر عمل آوری کی گئی تھی۔ کورونا وباء کی وجہ سے ریاست میں انٹر کلاسس کا آغاز یکم جون کے بجائے یکم ستمبر سے ہوا ہے۔ جونیر کالجس 280یوم کے بجائے 220دن کام کریں گے ان میں 47دن آن لائن کلاسس منعقد ہوئے مابقی 173دن کلاسس منعقد کئے جائیں گے۔

ان تمام حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں 30فیصد کٹوتی کرنے اور حسب سابق 70فیصد نصاب پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس سلسلہ میں حکومت کی منظوری درکار ہے۔ بورڈ حکام نے گیسٹ لکچررس کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماضی میں خدمات انجام دے چکے گیسٹ لکچررس کو دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے 1654گیسٹ لکچررس کی جائیدادوں کی تجدید کے احکام جاری کئے ہیں۔ عہدیداروں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ رواں سال اسکولوں میں بھی 70فیصد نصاب پر عمل آوری کی جائے گی۔

اسکولی ایجوکیشن بھی‘ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی تقلید کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ جونیر کالجوں میں سال اول میں داخلوں کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کی جانے کی امید ہے کیونکہ کئی جونیر کالجوں کو مسلمہ موقف دینے کا عمل ہنوز مکمل نہیں ہوا ہے۔

انٹر سال اول میں داخلوں کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر کی گئی تھی۔ ملٹی کامپلکس عمارتوں میں چلائے جانے والے جونیر کالجس کو اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ان کامپلکس میں کارکرد کالجوں نے یہاں سے منتقلی کی درخواستیں داخل کی ہیں۔ ان تمام امور کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ انٹر سال اول میں داخلوں کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کی جائے گی۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.