بس کرایوں میں اضافہ یقینی، تجاویز چیف منسٹر کو پیش

منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی، وی سی سجنار نے بس کرایوں میں فوری اثر کے ساتھ اضافہ کی تجاویز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس روانہ کی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر، بس کرایوں میں اضافہ کو منظوری دیں گے۔

 حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ٹی ایس آر ٹی سی کے خسارہ میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ کارپوریشن کو بھاری خسارہ سے باہر نکالنے کیلئے اب بس کرایوں میں اضافہ یقینی ہوچکا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی، وی سی سجنار نے بس کرایوں میں فوری اثر کے ساتھ اضافہ کی تجاویز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس روانہ کی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر، بس کرایوں میں اضافہ کو منظوری دیں گے۔

 وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار، صدرنشین آر ٹی سی باجی ریڈی گووردھن، ایم ڈی وی سی سجنار اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ آر ٹی سی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرڈنری بسوں کے کرایہ میں فی کیلو میٹر25 پیسے اور ایکسپریس اور دیگر بس سرویس کے موجودہ کرایوں میں فی کیلو میٹر30 پیسے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا مگر کرایوں میں اضافہ کا قطعی فیصلہ چیف منسٹر کے سی آر ہی کریں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی جئے کمار نے صدرنشین، ایم ڈی آر ٹی سی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بس کرایوں میں اضافہ کی تجویز کو گذشتہ ماہ قطعیت دی گئی اور یہ تجاویز چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کی جاچکی تھیں۔ ان تجاویز پر چیف منسٹر نے ایک بات کی نشاندہی کرتے ہوئے طویل مسافتی بس خدمات کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ1400 بسیں، مکمل طور پر غیر کارکرد ہیں۔ نئی بسوں سے ان غیر کارکردبسوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اب آئندہ صرف الیکٹرک بسیں ہی خریدی جائیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایم ڈی آر ٹی سی وی سی سجنار نے کہا کہ شہر کے کسی بھی ڈپو کو بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی تعداد میں تخفیف کرنے کا بھی کارپوریشن کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر مساعی کارپوریشن کے بھاری خسارہ کو کم کرنا ہے۔

 ریاستی حکومت نے آر ٹی سی کیلئے بجٹ میں 1600کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ آر ٹی سی بیڑہ میں الیکٹرک بسوں کو شامل کئے جانے کے بعد ڈیزل خریدی اخراجات میں کمی آجائے گی۔ کارپوریشن میں یومیہ ڈیزل کی کھپت6.8 لاکھ لیٹر ہوتی ہے۔ 2019 سے ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جس کے سبب خسارہ بھی بڑھتا گیا ہے۔ آر ٹی سی کے خسارہ کو کم کرنے کیلئے بس کرایوں میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے۔ سجنار نے یہ بات بتائی۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.