بھینسہ میں طوفانی بارش،سڑکیں جھیلوں میں تبدیل،عوام میں خوف کا ماحول

موسلا دھار بارش سے شہر لبریز ہوگیا ہے، گوداموں، دکانوں اور مکانوں میں پانی گھس گیا۔ بارش سے ہفتہ واری بازار شدید متاثر ہوا ہے۔ مقامی سرکاری انتظامیہ متحرک ہوچکا ہے۔

بھینسہ: بھینسہ شہراور بھینسہ ڈیویژن میں آج شام کے اوقات میں اچانک طوفانی اور موسلا دھا بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ طوفانی بارش کی وجہہ سے عوام میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہوگیا او ردیکھتے ہی دیکھتے شہر کی تمام سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئیں۔ ٹریفک مسدود ہوگئی۔سڑکوں پر پانی انتہائی تیز رفتاری سے بہہ رہا تھا جس کی وجہہ سے شہر کے بیشترعلاقوں میں موجود دکانوں،گوداموں اور مکانوں میں پانی داخل ہوگیا۔

 مرچی کمپاؤنڈ میں موجود زرعی گوداموں میں لاکھوں روپے مالیتی زرعی پیداوار کو ذخیرہ کیاگیا جہاں پانی داخل ہوجانے سے زرعی پیداوار شدید متاثر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کئی دکانوں میں پانی داخل ہوجانے سے شدید نقصانات کا اندیشے ظاہر کیا جارہا ہے۔

شدید اور موسلادھار بارش کے باعث شہر میں ہفتہ واری بازار بھی شدید متاثر ہواہے جبکہ یہاں چھوٹے تاجرین کا کافی نقصان ہوا ہے۔ بارش کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں عوام کو جانے سے روکنے کیلئے چوراہوں پر پولیس جوانوں کو متعین دیکھا گیا جبکہ ٹیپو سلطان چوک، مولاناآزاد چوک، اویسی نگر چوک، پولیس اسٹیشن علاقہ، یوپی ایس اسکول، مارکیٹ علاقہ راہول نگر، نرمل شاہراہ کے علاوہ دیگر علاقے پوری طرح لبریز ہوگئے اور ہر طر ف پانی ہی پانی نظر آرہا تھا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے دودن تک موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں بھی زبردست اور طوفانی بارش جاری ہے جس کی وجہ سے بھینسہ کے گڈناو اگو پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ ہوچکا ہے اور خطرہ کے نشان کے قریب پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے رات دیر گئے ڈیم کے دروازے کھولتے ہوئے بڑے پیمانے پر پانی کے اخراج کا اعلان کردیا گیا ہے۔سوشیل میڈیا پر بھی ڈیم کے تعلق سے تشہیر کی جارہی ہے۔

پولیس کی جانب سے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکس رہنے کا مشوردہ دیاگیااور عوام کو ندی نالے اور ڈیم کی نہروں کے قریب جانے سے روکا جارہاہے۔ بھینسہ ڈیویژن میں بھی بارش کا سلسلہ بڑے پیما نے پر جاری ہے جس کی وجہہ سے کھیت زیرآب آچکے ہیں۔

فصلوں کو نقصانات کا اندیشہ ہے جس کے باعث کسانوں میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے جبکہ بارش کے پیش نظر انتظامیہ پوری طرح متحرک دیکھاجارہاہے۔ گڈنا واگو پروجکٹ کی سطح آب میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر ڈیم کے دودروازہ کو کشادہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.