تلنگانہ اسمبلی کے مانسون سیشن کا آغاز

اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے ایک تعزیتی قرار داد پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ یہ ایوان حالیہ عرصہ کے دوران فوت لیجسلیچرس کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا مانسون سیشن  آج سے شروع ہوا۔ سیشن کی کاروائی کے آغاز کے ساتھ حالیہ دنوں اس دنیا سے چل بسے ارکان اسمبلی کو بھر پور خراج پیش کیا گیا۔

اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے ایک تعزیتی قرار داد پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ یہ ایوان حالیہ عرصہ کے دوران فوت لیجسلیچرس کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے۔

یہ ایوان، سابق رکن اسمبلی بھدراچلم کنجا بوجی، سابق رکن ملگ اجمیرا چندولال، حلقہ حضور آباد کے سابق رکن اسمبلی کے سائی ریڈی، برگم پاڈ کے سابق رکن کنجا بھکشم، سابق رکن اسمبلی کریم نگر ایم ستیہ نارائنہ راؤ، وردھنا پیٹ کے سابق رکن ماچرلہ جگناتھم، سابق رکن رامائم پیٹ آر متیم ریڈی، سابق رکن حلقہ شجاعت نگر بی سیتا رامیا اور سابق رکن اسمبلی حلقہ کتہ گوڑم چیکوری کا سیا، کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔

ایوان میں موجود ارکان نے آنجہانی عوامی نمائندوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی۔ بعدازاں اسپیکر نے ایوان کی کاروائی کو27 ستمبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اسمبلی کی کاروائی پیر کو11بجے دن شروع ہوگی۔ بجٹ سیشن کے 6 ماہ کے طویل عرصہ کے بعد اسمبلی کا مانسون سیشن طلب کیا گیا۔ اپوزیشن، مختلف عوامی مسائل، وعدوں سے انحراف پر حکومت کو گھیرنے تیار ہے۔ سیشن کا آغاز کووڈ19 کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق شروع ہوا۔

  • کونسل میں متوفی ارکان کو بھر پور خراج

تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین بھوپال ریڈی نے آج ایوان میں تعزیتی قرار داد پیش کی جس میں متحدہ ریاست اے پی کے ارکان کو نسل کو جن کا حالیہ دنوں انتقال ہوگیا، خراج پیش کیا گیا اور ان آنجہانی ارکان کی آتما کی شانتی کیلئے ایوان میں دو منٹ کی خاموشی بھی منائی۔

بھوپال ریڈی نے تعزیتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان، پی لمبا ریڈی، ٹی لکشما ریڈی، ایچ اے رحمان اور آر متیم ر یڈی کو بھر پور خراج پیش کرتا ہے۔ بعدازاں ریڈی نے کونسل کی کاروائی کو 27 ستمبر تک ملتوی کردیا۔

  • ایوان میں دو بلز متعارف

ریاستی وزیر آر اینڈ بی، امور مقننہ وامکنہ وی پرشانت ریڈی نے آج ایوان میں تلنگانہ ہاوزنگ بورڈ ایکٹ بابتہ1956 میں ترمیمی بل پیش کیا جس کا مقصد ہاوزنگ رہائش کی ضرورت سے نمٹنے اور اس کو پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔

متذکرہ ایکٹ میں ترمیم کو مدنظر رکھتے ہوئے گورنر نے25جون کو تلنگانہ ہاوزنگ بورڈ (ترمیم آرڈننس) 2021 (تلنگانہ آرڈننس نمبر ایک2021) جاری کیا تھا۔ دونوں ایوانوں میں بل کی منظوری کے بعد یہ قانون آرڈننس کی جگہ لے گا۔ریاستی وزیرزراعت وامداد باہمی ایس نرنجن ریڈی نے جمعہ کے روز اسمبلی میں کونڈا لکشمن اسٹیٹ ہارٹی کلچر یونیورسٹی میں مختلف ڈگری اور ڈپلومہ کورسس کی شروعات سے متعلق ایک بل پیش کیا ہے۔

اس بل کو پیش کرنے کا مقصد بتاتے ہوئے نرنجن ریڈی نے بتایا کہ باغبانی اور جنگلات میں کثیر شعبہ ڈگری وڈپلومہ کورسس کے آغاز، یونیورسٹی ایکٹ2007(ایکٹ نمبر30/2007)کے تحت تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ، اداروں / کالجس کے الحاق اور ان کالجوں میں ہارٹی کلچر اور جنگلات میں کورسس شروع کرنے کی سہولت کیلئے مرممہ بل پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقاصد کے فوری حصول کیلئے گورنر نے 13/ اگست 2021 کو سری کونڈا لکشمن تلنگانہ اسٹیٹ ہارٹی کلچر یونیورسٹی (مرممہ) آرڈننس جاری کیا تھا۔ منظوری کے بعد یہ بل آرڈننس کی جگہ لے گا۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.