تلنگانہ میں 2 اکتوبرسے بیروزگاری پر کانگریس کاایجی ٹیشن

ریونت ریڈی نے ہر طالب علم اور بیروزگار نوجوان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ایجی ٹیشن میں شرکت کرے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی اپوزیشن کانگریس پارٹی نے ریاست میں 2اکتوبرسے بیروزگاری کے مسئلہ پر ایجی ٹیشن چلانے کا اعلان کیاہے۔

صدر پردیش کانگریس وایم پی اے ریونت ریڈی نے کہاکہ 2 اکتوبر سے 9 دسمبر تک ودیارتھی نیروادیوگ جنگ سائرن‘ منظم کیا جائے گاجس میں بیروزگاری کے مسائل کواجاگر کیاجائے گا۔

65 روزہ طویل ایجی ٹیشن کے حصہ کے طورپر ریاست بھر کے تمام یونیورسٹیوں میں احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔

ریونت ریڈی نے ہر طالب علم اور بیروزگار نوجوان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ایجی ٹیشن میں شرکت کرے۔

انہوں نے کہاکہ اس ایجی ٹیشن کے دوران حکمراں جماعت ٹی آرایس نے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کو جس طرح دھوکہ دیاہے‘اس کو اجاگر کیاجائے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹرکے سی آر کی زیر قیادت ٹی آرایس حکومت طلبہ اور نوجوانوں کے خوابوں کو جنہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں‘شرمندہ تعبیر کرنے میں ناکام رہی ہے۔

محمدعلی شبیر اور پارٹی قائدین کیساتھ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ ٹی آرایس نے 2014 کے انتخابی منشور میں کے جی تاپی جی مفت تعلیم فراہم کرنے اور گھرکے ہر ایک فرد کونوکرای دینے کا وعدہ کیاتھا۔

برسراقتدارآنے کے بعد کے سی آر نے 4368 سرکاری پرائمری مدارس کو برخاست کرادیا جس کے سبب غریب بچے تعلیم سے دور ہوگئے۔ٹی آرایس حکومت نے اساتذہ کے تقررات بھی نہیں کئے۔

حکومت فیس ری ایمبرسمنٹ کیلئے فنڈس بھی جاری نہیں کررہی ہے جس کے سبب غریب طلبہ خودکشی کررہے ہیں۔انہوں نے ان طلبہ کی خودکشی کے لئے کے سی آر کوذمہ دارقرار دیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے اپنے دور اقتدارمیں فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو متعارف کرایاتھا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس نے بیروزگار نوجوانوں کو الاونس دینے کے وعدہ کو بھی پورا نہیں کیاہے۔

صدرپردیش کانگریس نے مزید کہاکہ ریاست کے مختلف محکموں میں 1.9 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ 2014 میں تشکیل تلنگانہ کے بعدتقابل کیاجائے تو مخلوعہ جائیدادوں کی تعدادمیں مزید اضافہ ہواہے۔

حلقہ اسمبلی حضورآبادکے ضمنی الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے ایک دن بعد کانگریس نے احتجاجی پروگرام کا اعلان کیاہے۔جولائی میں پردیش کانگریس کا صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد ریونت ریڈی کایہ دوسرا بڑا پروگرام رہے گا۔قبل ازیں انہوں نے دلت گرجنا پروگرام منعقد کئے تھے جس میں کانگریس نے دلتوں اورقبائلیوں سے حکومت کی دغابازی کو کامیابی کے ساتھ اجاگر کیاتھا۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.