خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں لائق ستائش : محمد محمود علی

وزیر داخلہ محمود علی نے وعدہ کیا کہ خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن سے ٹریننگ حاصل کرنے والے طلباء میں ایک ہزار سلائی مشینوں کی تقسیم ودیگر ضروری مدد فراہم کریں گے۔

حیدرآباد: خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کے تحت مختلف فنون میں تربیت یافتہ لڑکیوں میں ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی کے ہاتھوں توصیفی اسناد کی تقسیم عمل میں آئی۔

آج وزیر داخلہ کی قیام گاہ پر منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے مختلف فنون میں مہارت حاصل کرنے والی لڑکیوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے وعدہ کیا کہ خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن سے ٹریننگ حاصل کرنے والے طلباء میں ایک ہزار سلائی مشینوں کی تقسیم ودیگر ضروری مدد فراہم کریں گے۔

محمودعلی نے غریب لڑکیوں کوخودروزگار سے جوڑنے کے لئے خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف فنون میں فراہم کی جانے والی تربیت کوخدمت خلق کی بہترین مثال قرار دیا۔محمودعلی نے ٹریننگ یافتہ طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اخلاق کو بہترین بنائے تاکہ اپنی زندگیو ں کو خوش حال اور کامیاب بناسکے۔ انہوں نے اسمارٹ فون سے اچھی چیزیں سیکھ کر اس سے استفادہ کرنے اور ہر قسم کی برائی سے اپنے دامن کو داغدار ہونے سے بچانے کی تلقین بھی کی۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کی جانب سے پرانے اورنئے شہر میں جملہ 14مراکز پر لڑکیوں کوٹیلرنگ‘ہینڈ ایمبرائڈری‘مشین ایمبرائڈری‘مہندی‘بیوٹیشن‘ پینٹنگ‘فیبرک پینٹنگ کے کورسس میں ٹریننگ دی جاتی ہے۔

فاؤنڈیشن سے اب تک ہزاروں لڑکیوں نے تربیت حاصل کرتے ہوئے روزگارحاصل کرچکی ہیں۔ دور اندیش جناب خان لطیف محمدخان نے ملت کی لڑکیوں کو معاشی طورپرخودکفیل بنانے اور انہیں تعلیم کے زیورسے بھی آراستہ کرانے کے لئے شہربھرمیں تربیتی مراکز قائم کئے جہاں مختلف فنون میں قوم کی بیٹیوں کو تربیت دینے کا سلسلہ شروع کیاگیا۔

جناب خان لطیف محمد خان نے نیک‘بامقصدکے تحت قوم کی بیٹیوں کو معاشی وتعلیمی میدان میں آگے لانے کا بیڑا اٹھایا تھاان کی رحلت کے بعد بھی اسی جذبہ کے تحت اس سلسلہ کوجاری وساری رکھنے کی بھرپور مساعی انجام دی جارہی ہے تاکہ جناب خان لطیف محمدخان نے قوم کی لڑکیوں کو بااختیاربنانے کا جوخواب دیکھا تھا اس کو شرمندہ تعبیرکیاجاسکے۔

خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد غریب اور بے سہارا لڑکیوں کومختلف فنون میں تربیت فراہم کرتے ہوئے انہیں روزگارکے حصول کا قابل بناناہے جو انچارج فاؤنڈیشن محترمہ نزہت بیگ کی قیادت میں بخوبی انجام دیا جارہا ہے۔

خان لطیف محمدخان فاؤنڈیشن کی جانب سے گولکنڈہ‘احمدنگر‘ضیاء گوڑہ‘ایراگڈہ‘ سید علی چبوتر‘فتح دروازہ‘قاضی پورہ‘ حسینی علم‘ فلک نماء اور دوسرے مقامات پرفاؤنڈیشن کے تحت ٹریننگ سنٹرس چلائے جارہے ہیں۔ فتح دروازہ ٹریننگ سنٹرمیں دینی تعلیم کا بھی نظم ہے جہاں 35طلباء حفظ قرآن مجید میں مصروف ہیں۔

مستقبل میں خان لطیف محمد خان فاؤنڈیشن کے تحت مزید نئے کورس میں تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔اس موقع پرفاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر نزہت بیگ، کنوینر محمد ذکی، نامپلی انچارج آنند گوڑ، انسٹرکٹر حلیمہ، محمد مظہر، طالبات اور اولیائے طالبات موجودتھیں۔تقریب میں لڑکیوں کی جانب سے تیار کردہ کپڑوں کے ماڈلس اور مہندی کے ڈیزائنس کی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.