فحش ویڈیوز فروخت کرنے پر سافٹ ویر انجینئر گرفتار

سائبرپٹرولنگ کے دوران ایک اطلاع یہ ملی تھی کہ ایک شخص، پیسہ کمانے کیلئے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بچوں کے فحش ویڈیوز گشت کرارہا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے 23سالہ ایک سافٹ ویر انجینئر کو گرفتار کرلیا جس پر مسیجنگ پلیٹ فارمس پر بچوں کے فحش ویڈیوز کو فروخت کرنے کا الزام ہے۔ حیدرآباد کے ایک آئی ٹی فرم کے ایک ملازم وی مدھوکر ریڈی کو ضلع کریم نگر کے نستلہ پور میں اس کے مکان سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

23سالہ انجینئر نے پیسہ کمانے کیلئے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مواد کو سوشل میڈیا پر وائرل کردیا تھا۔ سائبرپٹرولنگ کے دوران ایک اطلاع یہ ملی تھی کہ ایک شخص، پیسہ کمانے کیلئے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بچوں کے فحش ویڈیوز گشت کرارہا ہے۔

یہ اطلاع ملنے کے بعد تلنگانہ پولیس کی ویمن سیفٹی ونگ الرٹ ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ریڈی کو فحش ویڈیوز دیکھنے کی عادت تھی۔ وہ بچوں / بڑوں کے فحش ویڈیوز کو ڈاون لوڈ کرچکا تھا اور ان ویڈیوز کو اپنے فون میں اسٹور کررکھا تھا اور ان ویڈیو کو ٹیلی گرام پر شیئر کررہا تھا۔

گیٹ وے کیوآر کوڈ کے ذریعہ پے منٹ کے حصول کیلئے اپنے دوست کی مدد لے رکھی تھی رقم وصول کرنے کیلئے اُس نے ایک تیسرے شخص کو حاصل کیا تھا جس کی شناخت مخفی رکھی تھی۔

فحش ویڈیوز تک رسائی کیلئے اُس نے قیمتوں کا تعین کررکھا تھا۔ گروپ میں شامل ہونے کیلئے ملزم نے ایک سو روپے فیس مقرر کی تھی۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ جون سے اب تک مسیجنگ پلیٹ فارمس پر بچوں کے فحش ویڈیوز کے ذریعہ اُس نے 60ہزار روپے کمالئے تھے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.