تلنگانہ

کے سی آر کے اقتدار میں رہنے کے دن ختم : پرینکا گاندھی (ویڈیو)

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت بے اثر، غیر فعال ہوگئی ہے۔

ورنگل: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت بے اثر، غیر فعال ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت راشٹرا سمیتی کی حکومت جسے عوام نے 10سال قبل بہت سی توقعات وامنگوں سے منتخب کیا تھا، نے عوام سے ہی دغا بازی کی ہے۔

متعلقہ خبریں
پرینکاگاندھی کا 3روزہ انتخابی دورہ
تلنگانہ کی مالی حالت پر اسمبلی میں بحث متوقع
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)
کانگریس کا 139 واں یوم تاسیس
ساکشی ملک کے گھر جانا پرینکا کا ذاتی فیصلہ: برج بھوشن

ضلع ورنگل کے حلقہ اسمبلی پال کرتی میں کانگریس کی انتخابی مہم کے حصے کے طور پر منعقدہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے عوام کے ساتھ ہر سطح پر ناانصافی کی ہے۔ اب ا س حکومت کو جانا چاہئے اور اس کے زوال کا وقت آچکا ہے۔

انہوں نے ادعا کیا کہ ریاست میں کانگریس کے حق میں لہر چل رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایسی حکومت (بی آر ایس) کو اقتدار سے بیدخل کردیں جو آپ(عوام) کے توقعات پر اترنے میں ناکام رہی ہے اور وہ بڑے پیمانے پر کرپشن میں بھی ملوث ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے حکمراں جماعت کے افراد نے کروڑہا روپے کی لوٹ مار کی ہے۔ راہول گاندھی کی بہن نے کہا کہ اس امید پر نئی ریاست تشکیل دی گئی کہ یہاں کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں ملیں گی۔ روزگار ملے گا مگر اس حکومت نے اپنے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔

سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے نوجوانوں نے سخت محنت سے مسابقتی امتحانات کی تیاری کی مگر سوالیہ پرچوں کا افشا کرتے ہوئے ان نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا اور اس میں کئی نوجوانوں نے خودکشیاں بھی کی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے وعدہ کیا کہ برسر اقتدار آنے کے بعد کانگریس، 2لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرے گی اور ایسا ہم نے راجستھان میں بھی کیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں بیروزگاری کی شرح، ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کی مدد، انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے کانگریس ایک ویژن رکھتی ہے۔

برسر اقتدار آنے پر کانگریس، ہر طالب علم کو تعلیمی اخراجات کو پورا کرنے کیلئے5لاکھ روپے کی مالی مدد کرے گی۔ ہر ضلع میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک اسکول قائم کیا جائے گا۔ پرینکا گاندھی نے پارٹی کی 6گارنٹیز پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔