وانی دیوی نے بحیثیت ایم ایل سی حلف لیا

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وانی دیوی نے کہا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ عوامی خدمت کیلئے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے تاہم بعد میں انہیں اس بات کا احساس ہوا کہ چند مخصوص امور کی انجام دہی کیلئے عہدوں کی ضرورت پڑتی ہے۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس کی رکن قانون سازکونسل ایس وانی دیوی نے آج بحیثیت ایم ایل سی حلف لیا۔ عبوری صدرنشین قانون ساز کونسل بھوپال ریڈی نے وانی دیوی کو عہدہ راز داری کا حلف دلایا۔

اس موقع پر ریاستی وزرا سبیتا اندرا ریڈی، ٹی سرینواس یادو، پرشانت ریڈی، ڈاکٹر کے کیشوراؤ ایم پی اور دیگر موجود تھے۔

بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وانی دیوی نے کہا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ عوامی خدمت کیلئے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے تاہم بعد میں انہیں اس بات کا احساس ہوا کہ چند مخصوص امور کی انجام دہی کیلئے عہدوں کی ضرورت پڑتی ہے۔

ان میں یہ احساس جب جاگا تب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں ایک موقع فراہم کیا جس کو انہوں نے فوری قبول کرلیا۔

ایم ایل سی الیکشن میں انہیں کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے سخت محنت کرنے پر انہوں نے ٹی آر ایس کے تمام قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے تمام وزراء اور دیگر کا بطور خاص شکریہ ادا کیا جنہوں نے میری کامیابی کو یقینی بنانے میں سخت محنت کی اور میرے ساتھ کھڑے رہے۔

وانی دیوی نے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ مابقی زندگی، عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیں گی۔ واضح رہے کہ کونسل کے حلقہ گریجویٹ حیدرآباد۔ رنگاریڈی اور محبوب نگر کے الیکشن میں جو ماہ مارچ میں منعقد ہوئے تھے، سورابھی وانی دیوی نے دوسرے ترجیحی ووٹ سے کامیابی حاصل کی۔

سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کی دختر وانی دیوی نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار رامچندر راؤ کوشکست دی تھی۔ وانی دیوی کو1,28,010 ووٹ حاصل ہوئے تھے جبکہ بی جے پی امیدوار رامچندر راؤ نے1,19,198 ووٹ حاصل کئے تھے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.