چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس ستیش چندرشرما کی حلف برداری

صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر جسٹس ستیش چندرشرما کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا نیاچیف جسٹس مقرر کیا ہے۔

حیدرآباد: جسٹس ستیش چندرشرما نے پیر کے روز یہاں تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف لیا۔تلنگانہ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں جسٹس شرما کو حلف دلایا۔

حلف برداری تقریب میں چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ، عدالت العالیہ کے ججس اورسینئر عہدیدارشریک تھے۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر جسٹس ستیش چندرشرما کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا نیاچیف جسٹس مقرر کیا ہے۔

اس سے قبل وہ کرناٹک ہائی کورٹ کے کار گذارچیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔جسٹس شرما کو جسٹس ہیما کوہلی کی جگہ مقرر کیا گیا جن کا تبادلہ بحیثیت جج سپریم کورٹ کردیاگیا۔ جسٹس کوہلی کے تبادلہ کے بعدجسٹس رامچندر راؤ‘ کارگذارچیف جسٹس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

جسٹس شرما30نومبر 1961 کو مدھیہ پردیش کے صدر مقام بھوپال میں پیدا ہوئے۔ان کے والد بی وی ورما یونیورسٹی آف جبلپور(رانی درگاوتی وشواودیالیہ)ممتاز پروفیسرتھے۔وہ برکت اللہ یونیورسٹی بھوپال کے وائس چانسلربھی تھے جبکہ جسٹس شرما کی والدہ شانتیشرما‘ مہارانی لکشمی بائی ہائر سکنڈری اسکول کی پرنسپل تھیں بعدازاں انہیں ڈی ای اوجبلپورکے عہدہ پر فائز کیاگیاتھا۔

ستیش چندرشرما نے کریسٹ چرچ بوائز سکنڈری اسکول سے ایس ایس سی اور سنٹرل اسکول جبلپور سے 12ویں کلاس کامیاب کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر ہریش گوریونیورسٹی ساگر سے 1981 میں بی ایس سی کی ڈگری لی۔ اسی یونیورسٹی سے انہوں نے 1984 میں ایل ایل بی کی سندحاصل کی۔انہیں یونیورسٹی کے 3گولڈمیڈلس بھی دیئے گئے تھے۔

یکم ستمبر1984 میں انہوں نے بحیثیت ایڈوکیٹ اپنا نام درج کرایا۔جسٹس شرما کو 18 جنوری 2009 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے جج کے طورپرترقی دی۔15 جنوری 2010 کو انہیں مستقل جج بنایاگیا۔ ان کا تبادلہ کرناٹک ہائی کورٹ کردیاگیا جہاں انہوں نے 4جنوری 2021 کو حلف لیاتھا۔ اسی سال 31 اگست کوانہیں کارگذار چیف جسٹس کرناٹک ہائی کورٹ مقرر کیاگیاتھا۔ آج انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیاہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.