تلنگانہ میں شدید بارش سے عام زندگی مفلوج

چندرشیکھر راؤ جو دہلی میں ہیں‘ نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے فون پر ریاست میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ وراحت کاری کا حکم دیا۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے کئی مقامات پر موسلا دھار بارش کی وجہ سے آج جہاں عام زندگی متاثر رہی وہیں کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ چند اضلاع میں سڑک رابطہ منقطع ہوگیا۔ مسلسل چوتھے روز بھی ریاست کے کئی مقامات پر رک رک کر شدید بارش ہورہی ہے۔

 شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں اور رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ وقفہ وقفہ سے جاری شدید بارش کے نتیجہ میں روڈ ٹرانسپورٹ نظام بھی متاثر رہا۔ ندی اور نالے اوبل پڑے ہیں اور تمام بڑے وچھوٹے ذخائر آب لبریز ہوگئے۔ متاثر اضلاع میں سیلاب کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں اور کالونیاں جھیل کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

 گذشتہ رات سے جاری بارش سے متحدہ اضلاع ورنگل‘ عادل آباد اور کریم نگر سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ان اضلاع کے چند مواضعات کا رابطہ ٹوٹ گیا ہے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے سڑکیں بہہ گئیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ جو دہلی میں ہیں‘ نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے فون پر ریاست میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ وراحت کاری کا حکم دیا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کے بشمول تمام سرکاری مشنری کو چوکسی کی ہدایت دی اور جانی ومالی نقصانات کو روکنے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے شدید بارش کے انتباہ کے پیش نظر سیلاب سے گھرے افراد کو بچانے اور راحت کاری کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی آر ایف) اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ایس ڈی آر ایف) ٹیموں کو تعینات کرنے پر زور دیا ہے۔

 کے چندرشیکھر راؤ نے عوامی نمائندوں کو متعلقہ حلقہ جات میں قیام کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مصیبت سے دوچار عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیلئے سرکاری مشنری سے تعاون کریں۔ ریاست میں بارش کی تباہ کاریوں کی صورتحال کا انہوں نے چیف سکریٹری کے ساتھ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے جائزہ لیا اور چیف سکریٹری سومیش کمار سے خواہش کی ہے کہ وہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو چوکس اور بچاؤ وراحت کے اقدامات کرنے کے احکام جاری کریں۔

چیف منسٹر نے کہا کہ بارش سے متاثرہ شہری و دیہی علاقوں میں چوکسی کی ضرورت ہے۔ عوام کو مصائب ومسائل سے بچایا جاسکے۔ کے سی آر نے بلدی نظم ونسق‘ پنچایت راج‘ آر اینڈ بی اور برقی محکموں کے عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ مقامی طورپر صورتحال پر قریبی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے بروقت اقدامات کرنا چاہیئے۔

(منصف نیوز بیورو/آئی اے این ایس)

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.