تلنگانہ میں یومیہ 3 لاکھ افراد کو ویکسین دی جائے:کے سی آر

چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں کو ریاست میں بعجلت ممکنہ خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ ریاست میں یومیہ 3لاکھ افراد کو کورونا ویکسین دینے کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کرے گی۔ اس خصوصی مہم کے آغاز کا مقصد مابقی 1.30کروڑ افراد کو جنہوں نے ویکسین کی پہلی خوراک نہیں لی ہے‘ ٹیکہ دینا ہے۔

چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں کو ریاست میں بعجلت ممکنہ خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ملک میں ویکسین کی تیاری کا آغاز ہوا ہے‘تب سے ویکسین کا معیار بھی بہتر ہوتا رہا ہے اور اس کی کھپت بھی بڑھتی جارہی ہے۔ ریاست کو درکار ویکسین سپلائی بھی کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں کورونا وباء مکمل طورپرقابو میں ہے۔

مستقبل میں عوام کو وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے ریاست میں ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم شروع کی جانی چاہیئے۔ اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں جو کل رات پرگتی بھون میں منعقد ہوا تھا‘ جس میں محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو بتایا کہ 2.80کروڑ سے زائد افراد جن کی عمر 18سال سے زائد ہے‘ ویکسین لینے کے اہل ہیں۔

اب تک 1.42کروڑ افراد کو پہلی خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 53لاکھ افراد دونوں خوراک لے چکے ہیں جبکہ مابقی 1.38کروڑ افراد کو ویکسین دینا باقی ہے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ سرکاری وخانگی تعلیمی اداروں کی کشادگی کے باوجود طلبہ پر کووڈ وباء کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔

 انہوں نے کووڈ کیسس میں اضافہ کے امکانات کو مسترد کردیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گرام سرپنچ‘ ایم پی ٹی سیز‘ زیڈ پی ٹی سیز‘ گرام سکریٹریز‘ اور دیگر عوامی نمائندوں کو ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینا ہوگا۔

ایم پی ڈی اوز‘ ایم پی اوز‘ ڈی ایل اوز‘ ڈی پی اوز‘ ضلع پریشد کے سی ای اوز‘ دیگر عہدیداروں اور اسٹاف کو ایک دوسرے کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کرنا ہوگا اور تمام کو محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کے حکام کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

 کے سی آر نے کورونا وباء کے عروج کے ایام میں عوام کا ساتھ دینے‘ لاک ڈاؤن کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے اور اسکولوں وکالجوں میں آئسولیشن مراکز قائم کرنے پر سرپنچوں کو مبارکباد دی اور ان سرپنچوں کو اسی جذبہ کے تحت ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔

 انہوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے کہا کہ وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں سے برسر موقع حالات کا جائزہ لیتے رہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر زور دیا کہ ٹیکہ اندازی کیمپس کے انعقاد کیلئے اسکولس‘ کالجس‘ سرکاری وخانگی عمارتوں اور رعیتو ویدیکا کا استعمال کریں۔

عوام کو بھی جتنا جلد ہوسکے ویکسین لینے پر غور کرنا چاہیئے۔ ایسے افراد جن میں کورونا کی ہلکی علامتیں موجود ہوں‘ فوری طور پر قریبی پرائمری ہیلت سنٹرس سے رجوع ہونا چاہیئے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کووڈ یا موسمی امراض سے پریشان افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنا چاہیئے۔

انہوں نے ہاسپٹلوں میں درکار آکسیجن پلانٹس کی تنصیب اور بیڈس کو آکسیجن سپلائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کارپوریٹ دواخانوں کے طرز پر سرکاری ہاسپٹلس میں بھی صفائی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.