تلنگانہ ٹکنالوجی کے استعمال میں سب سے آگے: جوتیر آدتیہ سندھیا

ڈرونس سے دواؤں کے اس تجرباتی پروگرام کا وقارآباد کے پولیس پریڈ گراونڈ میں مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتیر آدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز کے ٹی راماراو نے افتتاح کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت بڑے پیمانہ پر ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے ملک میں پہلی مرتبہ تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں ”میڈیسن فرم دی اسکائی“ پروگرام کے تحت فضاء سے کورونا کے ٹیکے اور دوائیں پہنچانے کے لئے ڈرون ٹکنالوجی کے استعمال کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آج کے دن کو تاریخی قراردیا۔

انہوں نے کہاکہ ریاست کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کا ماننا ہے کہ ایسی ٹکنالوجی جس سے عام آدمی کو فائدہ نہیں ہوسکتا وہ بے کار ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونس کے ذریعہ دواؤں کو بھیجنے کا کام کیا جارہا ہے اورہنگامی ضرورت پر ڈرونس کے ذریعہ خون و دواوں کو بھی بھیجنے کا کام کیا جائے گا۔

ڈرونس کا استعمال نہ صرف صحت کے شعبہ بلکہ دیگر شعبہ جات کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔ ڈرونس کا استعمال لڑکیوں کو ہراساں کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے بھی کیاجارہا ہے۔ ساتھ ہی کانکنی میں بے قاعدگیوں کی روک تھام کیلئے بھی اس کا استعمال کیاجارہا ہے۔ ڈرونس سے دواوں کے اس تجرباتی پروگرام کا وقارآباد کے پولیس پریڈ گراونڈ میں مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتیر آدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز کے ٹی راماراو نے افتتاح کیا۔

 میڈیسین فرم دی اسکائی پروگرام کے ذریعہ ہنگامی حالات میں ادویات اور ٹیکے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کیلئے یہ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس سے وقت کی کافی بچت ہوگی اور ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ یہ ڈرون 500 تا 700 میٹر اونچائی سے فضا میں سفر کرتے ہوئے متعلقہ مرکز تک ادویات اور ٹیکوں کو پہنچائے گا۔

مرکزی اور ریاستی وزراء کی جانب سے ڈرون کا تجرباتی افتتاح کرنے کے بعد وہاں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیاگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے تلنگانہ کی ستائش کی کہ وہ ٹکنالوجی کے استعمال میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی ترقی میں حصہ لینے والی ٹکنالوجی کو سچا ہیرو کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹکنالوجی دنیا میں ایک نئی روشنی لا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ اس طرح کی ٹکنالوجی فراہم کرنا ان کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ڈرون پالیسی کے بارے میں واضح نظریہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان ٹکنالوجی کی وجہ سے دنیا کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی نے بھی نہیں سونچا تھا کہ ڈرون کے ذریعہ ادویات آئیں گی۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.