امیر پیٹ ہاسپٹل کی افتتاحی تقریب،کشن ریڈی تقریر کے بغیر چلئے گئے

مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کی تصویر فلکسی پر نہ لگائے جانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرگرم کارکنوں نے احتجاج کیا۔

حیدرآباد: امیر پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل کے افتتاح کے موقع پر مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کی تصویر فلکسی پر نہ لگائے جانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرگرم کارکنوں نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس امیر پیٹ سابق کارپوریٹر شیشو کماری اور بی جے پی کے کارکنوں میں بحث وتکرار ہوگئی اور کشن ریڈی تقریر کے بغیر روانہ ہوگئے، مذکورہ دواخانہ کی افتتاحی تقریب کے دوران ٹی آر ایس اور بی جے پی کے حامیوں میں پروٹوکل وار دیکھی گئی بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے افتتاحی تقریب کے دوران فلکسی پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی تصویر آویزاں نہ کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

 دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کی بحث وتکرار سے کشیدگی پیدا ہوگئی اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگانے لگے۔ اس طرح کے حالات میں کشن ریڈی تقریر کئے بغیر روانہ ہوگئے۔اس موقع پر وزیر سمکیات وایمنل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ امیر پیٹ میں کھولے گئے نئے ہاسپٹل میں عنقریب ڈیلاسس سرویس کا آغاز کردیا جائے گا۔

 انہوں نے احتجاج کرنے والے افراد سے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے امیر پیٹ میں 50بستروں کے دواخانہ کا افتتاح کیا جس کی تعمیر پر4.53کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔50بستروں کے دواخانہ کی تعمیر کیلئے فنڈس کی اجرائی پر انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔

 انہوں نے کہا کہ دواخانہ کی ترقی اور اس کو100بستروں پرمشتمل دواخانہ میں تبدیل کرنے کیلئے وہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کریں گے۔ سرینواس یادو جو کہ حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں کہا کہ دواخانہ میں تمام عصری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ امیر پیٹ کے علاوہ صنعت نگر، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ اور سری نگر کے عوام مذکورہ دواخانہ سے استفادہ کریں گے انہوں نے بستی دواخانوں کی کارکردگی اور اہمیت کا بھی تذکرہ کیا۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.