اومیکرون واقعات کی پردہ پوشی کی خبریں بعیداز حقیقت:جی سرینواس راؤ

سرینواس راؤ نے مزید کہا کہ بیرونی ممالک سے شہر آنے والے مسافرین کی جانچ کیلئے شمس آباد ایر پورٹ پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اب تک 900 افراد بیرون ممالک سے ریاست آئے ہوئے ہیں جن میں 13 مسافرین کووڈ پازیٹیو پائے گئے۔

حیدرآباد: ڈائرکٹر پبلک ہیلت تلنگانہ ڈاکٹر جی  سرینواس راؤ نے اومیکرون واقعات کی پردہ پوشی کرنے کی خبروں کو حقیقت سے بعید قرار دیا۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کووڈ وباء کا سامنا کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ جنوبی آفریقہ میں کووڈ واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ وہاں کورونا واقعات 8فیصد سے بڑھ کر16 فیصد تک پہنچ گئے ہیں جن میں 75 فیصد اومیکرون واقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون وائرس کی شدت کا پتہ چلانے کیلئے مزید ایک ہفتہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

راؤ نے کہا کہ جنوبی آفریقہ میں اومیکرون واقعات میں اضافہ کے بعد مریضوں کو دواخانوں میں شریک کیا جارہا ہے تاہم اومیکرون سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی ممالک سے شہر آنے والے مسافرین کی جانچ کیلئے شمس آباد ایر پورٹ پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اب تک 900 افراد بیرون ممالک سے ریاست آئے ہوئے ہیں جن میں 13 مسافرین کووڈ پازیٹیو پائے گئے۔ یہ افراد اومیکرون سے متاثر ہیں یا نہیں اس کا آئندہ ایک دو دنوں میں پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے سدباب کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔آئندہ ایک دو مہینوں میں ہندوستان میں کووڈ پازیٹیو واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اب تک ملک میں 5اومیکرون واقعات سامنے آئے ہیں۔ اگر کووڈ رہنمایانہ خطوط پر عمل کیا جاتا ہے تو ہم کورونا سے محفوظ رہیں گے۔ کورونا کی امکانی تیسری لہر کا سامنا کرنے کیلئے ریاستی حکومت پوری طرح تیار ہے۔

عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے تاہم محتاط رہنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ اومیکرون سے متاثرہ افراد میں علامتیں شدید نہیں ہیں۔ وائرس سے متاثر ہونے کی شکل میں شدید سردرد، اعضاء شکنی اور متلی ہوتی ہے۔ انہوں نے عوام سے افواہیں نہ پھیلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں سے محکمہ صحت عامہ کے عملہ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ جھوٹی خبر عوام کو خدشات کی نذر کردیں گے۔ اومیکرون کے دوران ٹیکہ اندازی میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ ایک دن میں 3.7 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی۔ اس ماہ کے اواخر تک صدفیصد ٹیکہ اندازی کے ہدف کو مکمل کرلیا گیا ہے۔

ہفتہ کو ایک بھی مسافر کاٹسٹ پازیٹیو نہیں آیا

حیدرآباد: مختلف جو کھم (ریسک) ممالک سے ہفتہ کے روز حیدرآباد کے انٹر نیشنل ایر پورٹ پر جملہ70 مسافرین پہنچے مگر ان میں کسی کا بھی کووڈ ٹسٹ پازیٹیو نہیں آیا۔ ایر پورٹ پر تمام 70 مسافرین کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا۔ قبل ازیں ایر پورٹ حکام نے ان مسافرین کی اسکریننگ کی۔ حوصلہ افزابات یہ رہی ہے کہ کل تمام مسافرین کے ٹسٹ رپورٹ منفی رہے۔ ان تمام کو گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام، اُن 13مسافرین کے جینوم سیکوینسنگ رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں جن کا قبل ازیں کووڈ ٹسٹ پازیٹیو آیا تھا۔ یہ 13مسافرین، جو کھمم ممالک سے حیدرآباد پہنچے تھے ایرپورٹ پر ٹسٹ کرنے کے بعد ان مسافرین کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.