تعمیر ملت کا منگل کو نمائش میدان پر جلسہ رحمۃاللعالمین ﷺ

ضیاء الدین نیر نے تعمیر ملت کے بانیان بالخصوص سید خلیل اللہ حسینیؒ، مولوی عبدالرحیم قریشی، مولانا سلیمان سکندر کی بے لوث خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حیدرآباد: کل ہند مجلس تعمیر ملت کا 72واں جلسہ یوم رحمۃا للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم منگل 19/اکتوبر کو صبح 9تا ایک بجے دن نمائش میدان میں منعقد ہوگا اور 20/اکتوبر چہارشنبہ کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ میں جلسہ یوم صحابہؓ  منعقد ہوگا۔

ان دونوں جلسوں سے جو حیدرآباد میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روایات لازمی جز رہے ہیں۔ ملک کے ممتاز علمائے کرام خطابت کی سعادت حاصل کریں گے۔

مولانا عبیداللہ خاں اعظمی سابق ایم پی، سی ایم ابراہیم سابق مرکزی وزیر، مولانامفتی قاسم صدیقی تسخیر، مقامی مقررین میں مولانا محمد عبدالمجید صدیقی نظامی، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ، مولانا مسعود حسین مجتہدی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کارگزار جنرل سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ کے علاوہ مہمان مقرر مولانا محمد عمرین بن محفوظ رحمانی سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے۔

میڈیا پلس آڈیٹوریم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نشین مجلس استقبالیہ سید انیس الدین، صدر تعمیر ملت ضیاء الدین نیر نے یہ بات بتائی۔

ڈاکٹر محمد مشتاق علی عمر احمد شفیق، سیف الرحیم قریشی، وہاج الدین صدیقی اور خلیق الرحمن بھی اس پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ سید انیس الدین کہا کہ کورونا بحران اور لاک ڈاؤن تحدیدات کی وجہ سے جلسہ رحمۃا للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کو گذشتہ سال کھلے میدان میں منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے شمع محمدی کے پروانوں میں بے چینی اور مایوسی تھی۔

اب جبکہ حسب روایت یہ مقدس جلسہ نمائش میدان میں منعقد ہورہا ہے‘ ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کے علاوہ سیکولر برادران وطن کی شرکت متوقع ہے۔ موسم کے پیش نظر ہر قسم کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضیاء الدین نیر نے تعمیر ملت کے بانیان بالخصوص سید خلیل اللہ حسینیؓ، مولوی عبدالرحیم قریشی، مولانا سلیمان سکندر کی بے لوث خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جنہوں نے ہر قسم کی قربانی دے کر تعمیر ملت کو ملک گیر تحریک بنائی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر ملت کے 72ویں جلسہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم اور یوم صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین سے جو علمائے و اکابرین خطاب کرنے والے ہیں‘ وہ حالات حاضرہ موجودہ مسائل کا سیرت پاک کی روشنی میں حل پیش کریں گے۔

اس وقت مسلمانوں کو کئی محاذوں پر مختلف مسائل کا سامنا ہے اور ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جس کا حل سیرتِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرتِ صحابہ رضی ا للہ عہنم اجمعین میں موجود نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی تربیت، انہیں گمراہی کے راستے سے بچانا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ ان دو جلسوں میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ شرکت کریں۔ خواتین کے لئے ہمیشہ کی طرح علیحدہ انتظام کیا گیا ہے۔

سیرت طیبہؐ اور سیرت صحابہؓ اور صحابیات سے خواتین اور بچوں کا واقف ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک عرصہ کے بعد تعمیر ملت کے جلسہ رحمۃ للعالمین میں ماضی کی عظمتیں لوٹ آئیں گی۔

ذریعہ
پریس نوٹ

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.