تلنگانہ میں تین روزہ سوگ،وزیر اعظم ،گورنر،کے سی آر اور دیگرکا خراج

حکومت تلنگانہ نے کے روشیا کی آخری رسومات کومکمل پولیس (سرکاری) اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق چیف منسٹر کے انتقال پر وزیر اعظم، گورنر تلنگانہ، گورنر اے پی، چیف منسٹر اے پی اور دیگر نے خراج پیش کیا۔

حکومت تلنگانہ نے سابق چیف منسٹر کے روشیا کی آخری رسومات کومکمل پولیس (سرکاری) اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حیدرآباد اور رنگاریڈی کے کلکٹرس کو اس سلسلہ میں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 4 تا6 دسمبر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آئی اے این ایس کے مطابق نبض کی رفتار کم ہونے کے بعد کے روشیا کو ہاسپٹل لے جایا گیا۔ ہاسپٹل بلیٹن میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق چیف منسٹر کو ایسی حالت میں ہاسپٹل لایا گیا جب کہ وہ ردعمل ظاہر نہیں کررہے تھے۔ صبح8:20 بجے کے روشیا کو مردہ قرار دیا گیا۔ کے روشیا کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی تلگو کی دونوں ریاستوں کے ہر گوشہ سے اظہار تعزیت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کو صدمہ

گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے سابق گورنر ٹاملناڈو سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست اے پی کے روشیا کے انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ آنجہانی ممتاز قائد روشیاء کو بھر پور خراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روشیا متحدہ آندھرا پردیش کے سرکردہ سیاسی قائد تھے۔ گورنر نے کہا کہ وہ، عوامی زندگی اور سیاست میں اپنے نظریات پرسختی کے ساتھ کاربند رہتے تھے۔٭٭کے روشیا کا انتقال تلگو کی دونوں ریاستوں کے ساتھ ملک کے لئے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انتظامیہ میں ان کی ذہانت کاسب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ کے روشیا نے 15بار ریاستی بجٹ پیش کیا تھا۔ گورنر نے غمزدہ افراد خاندان کے ساتھ تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا اظہار تعزیت

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متحدہ ریاست کے ساتھ چیف منسٹر کے روشیا کے دیہانت پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیام میں کے سی آر نے کے روشیا کو ایک عظیم قائد قرار دیا اور ک ہا کہ وہ کئی اہم عہدوں پر فائز تھے۔ ان میں وزارت فینانس کا عہدہ بھی شامل ہے۔ کے روشیا، صبر، نرم گو اور سادگی کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔ کے سی آر نے غمزدہ افراد خاندان سے دلی ہمدردی کااظہار کیا۔

آندھرا کے گورنر اور چیف منسٹرجگن موہن ریڈی کا خراج

آندھرا پردیش کے گورنر بسوا بھوشن ہری چندن اور اے پی کے چیف منسٹر وای ایس جگن موہن ریڈی نے سرکردہ سیاسی قائد کے روشیا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کے روشیا کو اقدار کا حامل قائد قرار دیا۔ گورنر اور چیف منسٹر نے اپنے علیحدہ پیامات میں غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ جنا سینا پارٹی قائد پون کلیان نے روشیاء کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ روشیا کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد جو سیاسی خلا پیدا ہوا ہے۔ اس کا پرُ ہونا مشکل ہے۔

روشیا کو وزیر اعظم مودی کا خراج

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر و سابق گورنر ٹاملناڈو کے روشیا کے انتقال کی اطلاع سے انہیں گہرا صدمہ پہنچاہے۔ مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ کے روشیا کے انتقال سے انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے آنجہانی قائد کے سا تھ تبادلہ خیال کی خوشگوار یادوں کو یاد کیا۔ بحیثیت منسٹر اور گورنر کی حیثیت سے کے روشیا کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔ سابق چیف منسٹر اور گورنر کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مودی نے آنجہانی قائدکے خاندان کے افراد اور ان کے حامیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.