تلنگانہ میں پولیس کا یوم شہیدان ۔ شہید ملازمین کو خراج

وزیر داخلہ محمود علی نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت میں ریاست کی سیکوریٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں سے تقابل کیا جائے تو تلنگانہ میں جرائم کی شرح کا تناسب بہت کم ہے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں آج پولیس کا یوم شہیدان بصداحترام منایا گیا۔ دوران ڈیوٹی اپنی جانوں کی قربانی دینے والے پولیس ملازمین کو بھر پور خراج پیش کیا گیا۔ ملک بھر میں ہر سال 21/ اکتوبر کو یوم شہیدان پولیس منایا جاتا ہے۔ ملک کے طول وعرض میں گذشتہ سال، فرائض انجام دیتے ہوئے تقریباً370 پولیس جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔

ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جنہوں نے گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی، کہا کہ ملک کی داخلی سیکوریٹی، عوام کی سلامتی اور نظم وضبط کو برقرار رکھنے میں پولیس نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کووڈ19کی وجہ سے تلنگانہ میں 62 پولیس ملازمین اور 10ہوم گارڈس فوت ہوگئے۔

 حکومت، کووڈ وارئرس کے افراد خاندان کی باز آباد کاری کیلئے تمام تر مساعی انجام دے رہی ہے۔ ان پریشان کن اور مصیبت کے وقت، ہماری حکومت، فوت ملازمین کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔محکمہ پولیس اور ریاستی حکومت، ان خاندانوں کی دیکھ بھال کرے گی۔ محمود علی نے یہ بات کہی۔

وزیر داخلہ محمود علی نے مزید کہا کہ چیف  منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت میں ریاست کی سیکوریٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں سے تقابل کیا جائے تو تلنگانہ میں جرائم کی شرح کا تناسب بہت کم ہے۔ جدید ٹکنالوجی کے استعمال، بڑے پیمانے پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ویمنس سیکوریٹی کیلئے خصوصی یونٹس کے قیام کے ذریعہ تلنگانہ پولیس نے ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے ایک مثال پیش کی ہے۔ ریاست میں عصری تقاضوں سے لیس کمان کنٹرول رومس کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

 پروگرام میں ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن بھی شریک تھیں۔ تلنگانہ ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ پولیس، ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کیلئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کررہی ہے اور پولیس عوام کے تمام طبقات کو بلالحاظ امتیاز خدمات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی طرح کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرس کو پولیس اسٹیشنوں تک توسیع دی جارہی ہے۔ پولیس، فرینڈلی سٹیزن نظریہ پر کام کررہی ہے اور عوام تک اپنی خدمات فراہم کررہی ہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.