حضور آباد میں دسہرہ کے بعد کے سی آر کا عوامی جلسہ

حکمراں جماعت، کسی بھی صورت میں ضمنی الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے جب سے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تب سے ہی ٹی آر ایس نے اس حلقہ پر بھر پورتوجہ دینا شروع کردیا ہے۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی حضور آباد کے ضمنی الیکشن کا بگل بج چکا ہے۔ حکمراں جماعت ٹی آر ایس کی قیادت، حلقہ میں پارٹی کی حکمت عملی کو موثر بنانے اور فیلڈورک میں تیزی لانے کیلئے سروے کرارہی ہے۔ پولنگ کے اختتام تک حکمت عملی، کا ونٹر حکمت کو قطعیت دینے، پارٹی کی کارکردگی کا یومیہ اساس پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

 پارٹی ذرائع کے مطابق ٹی آر ایس سربراہ وچیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ  از خود پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے والے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دسہرہ کے بعد کے سی آر، ایک عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ رائے دہی سے 5تا6یوم قبل کے چندر شیکھر راؤ کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر پہلے ہی دلت بندھو اسکیم کے آغاز کیلئے حضور آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔

حکمراں جماعت، کسی بھی صورت میں ضمنی الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے جب سے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تب سے ہی ٹی آر ایس نے اس حلقہ پر بھر پورتوجہ دینا شروع کردیا ہے۔ ضمنی الیکشن کے میدان میں کانگریس کی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے ٹی آر ایس نے بی جے پی کے خلاف جارحانہ سیاسی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس قائدین، حلقہ کے عوام کو یہ سمجھانے میں مصروف ہیں کہ ٹی آر ایس حکومت، ریاست کے عوام کی بہبود کیلئے کئی اسکیمات کو رائج کررہی ہے جبکہ بی جے پی، ملک بھر میں ایسی اسکیمات شروع کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ٹی آر ایس۔ دوباک کی غلطی دہرانا نہیں چاہتی۔

 پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، حضور آباد کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ مقصد کے حصول کیلئے کے سی آر نے ہر یش راؤ کے بشمول پارٹی کے سینئر قائدین کو حلقہ میں تعینات کیا ہے۔ ہریش راؤ کو پارٹی کی انتخابی مہم کا انچارج بنایا گیا ہے۔

سدی پیٹ کے رہنے والے ٹی ہریش راؤ، پہلی بار جب11/ اگست کو حضور آباد روانہ ہوئے تھے تب اُسی روز کے سی آر نے پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان کیا تھا۔ متحدہ ضلع کریم نگر کے پارٹی قائدین و وزراء گنگولہ کملا کر اور کوپلہ ایشور بھی حلقہ کا مسلسل دورہ کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں پارٹی کے 10، ارکان اسمبلی حلقہ میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ ہر 50رائے دہندوں پر پارٹی کے ایک قائد کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ضلعی قائدین کی بھی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.