حیدرآباد میں ایک بار پھرتیز بارش، عام زندگی متاثر

بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز میں اوسط بارش ہوئی جبکہ راجندر نگر اور عطا پور میں دھواں دھار بارش ہوئی۔ ملک پیٹ اور دلسکھ نگر میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں آج ایک بار پھر اچانک تیز بارش ہوئی۔12بجے دن سے قبل شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے عام زندگی متاثر ہوئی جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا، سڑکیں ایک بار پھر زیر آب آگئیں جس کے سبب عوام کو مشکلات کا جہاں سامنا کرنا پڑا وہیں ٹریفک میں بھی خلل پڑا۔ کام سے گھروں سے روانہ افراد کو واپس آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

 بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز میں اوسط بارش ہوئی جبکہ راجندر نگر اور عطا پور میں دھواں دھار بارش ہوئی۔ ملک پیٹ اور دلسکھ نگر میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلدی عملہ کو جہاں پانی کی نکاسی کرتے ہوئے دیکھا گیا وہیں پولیس جوانوں کو ٹریفک پر قابو پانے میں مشکلات درپیش تھیں۔ 2بجے دن کے بعد بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی نشیبی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا۔کئی مقامات پر عوام کو بارش سے بچنے، محفوظ مقامات بشمول میٹرو ٹرین کے پلرس کے نیچے کھڑا دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

انتباہ کا زرد الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بارش میں گھروں سے باہر نہ نکلیں اور چوکس رہیں۔ لکشا دیپ انڈو مان نکوبار میں ہوا کے کم دباؤ کا مرکز بننے سے آئندہ چند دنوں کے دوران تلنگانہ کے مختلف مقامات پر کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

شہر کے کئی علاقوں میں 15.6ملی میٹر سے64.5 ملی میٹر تک بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ حکام نے شہر میں زرد الرٹ جاری کردیا ہے۔ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش کی اطلاعات ہیں۔ کمرم بھیم آصف آباد، رنگاریڈی، میدک، سرسلہ کے بعض مقامات پر شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔

ضلع سوریا پیٹ کے نا گارام میں سب سے زیادہ88.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شہر حیدرآباد کے کئی مقامات پر اوسط سے ہلکی بارش ہوئی حیات نگر میں دوپہر تک سب سے زیادہ 37.8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ آصف نگر میں 34.3 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے  آئندہ 2دنوں کے دوران شہر کے بشمول ریاست کے اضلاع کے بعض مقامات پر بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

منچریال، جگتیال، نظام آباد، سرسلہ، جئے شنکر بھوپال پلی، کاماریڈی، میدک، سنگاریڈی، ورنگل، ہنمکنڈہ، ملگ، محبوب آباد، کتہ گوڑم، یدادری بھونگیر، سوریا پیٹ، کھمم، نلگنڈہ، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، اور وقار آباد اضلاع میں زرد الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اتوار کے روز عادل آباد، کمرم بھیم، آصف آباد، نظام آباد اور منچریال میں شدید بارش کا امکان ہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.