شہرمیں گنیش وسرجن‘ سیکوریٹی کے سخت انتظامات

انجنی کمار نے کہاکہ جلوس کے ساتھ ڈی جے ساؤنڈ سسٹم بجانے کی قطعی اجازت نہیں رہے گی۔ جلوس میں سادہ لباس میں ملبوس پولیس عہدیداربھی شامل رہیں گے۔ شرپسندی کی کوشش کوسختی کے ساتھ کچل دیاجائے گا۔

حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآباداورسکندرآبادمیں 19 ستمبر کوگنیش مورتیوں کاوسرجن کیاجائے گا۔ مرکزی جلوس بالاپور سے شروع ہوگا جو ٹینک بنڈپرختم ہوگا۔سٹی پولیس کمشنرانجنی کمار نے آج کہاکہ جلوس اورمورتیوں کے پرامن انصرام کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کئے گئے ہیں۔

ہفتہ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجنی کمارنے کہاکہ مورتیوں کے وسرجن اور جلوس کے پرامن اختتام کے لئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے 27 ہزار جوانوں کوبندوبست پرمامور کیاگیا ہے۔ پڑوسی ریاستوں سے بھی پولیس فورس کوطلب کیاگیاہے۔

حسین ساگرکے اطراف مورتیوں کے وسرجن کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹینک بنڈ‘جل وہار‘ این ٹی آر مارگ اورنیکلس روڈ پر 55 بڑی کرینس نصب کی جاچکی ہیں۔بم اوردھماکو اشیاء کوناکارہ بنانے کے لئے 19 ٹیموں کو بھی تعینات کیاگیاہے۔ 24 اسنفرڈاگس کوبھی ساتھ رکھا جائے گا۔ بالاپور سے ٹینک بنڈ کی مسافت17کیلومیٹر ہے۔

گنیش جلوس گذر نے والے راستوں پرپولیس کے مسلح دستے متعین کئے گئے ہیں۔ مکانات  کی چھتوں پر بھی مسلح دستوں اور کمانڈوز متعین رہیں گے اور جلوس کے گذرنے والے راستوں پرجملہ 276 کیمرے لگائے گئے ہیں۔ صرف ٹینک بنڈپرایک سوکیمرے نصب رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جلوس کے ساتھ ڈی جے ساؤنڈ سسٹم بجانے کی قطعی اجازت نہیں رہے گی۔ جلوس میں سادہ لباس میں ملبوس پولیس عہدیداربھی شامل رہیں گے۔ شرپسندی کی کوشش کوسختی کے ساتھ کچل دیاجائے گا۔ انجنی کمار نے کہاکہ جلوس اور مورتیوں کے پرامن انصرام کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کرائمس نے بتایا کہ دونوں شہر کے حساس اورانتہائی حساس علاقوں میں پولیس الرٹ رہے گی اورطلایہ گردی میں اضافہ کردیا گیاہے۔ان علاقوں میں جگہ جگہ مسلح دستے متعین رہیں گے۔

 ٹینک بنڈ اور دیگراہم مقامات پرویمنس پولیس فورس کے ایک ہزارارکان اور شی ٹیمس کی 10ٹیموں کو متعین کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس سال 50 ہزار مورتیوں کاوسرجن ہوگا۔ جی ایچ ایم سی اورحمڈا نے سڑکوں کی مرمت اور دیگر کام انجام دیئے ہیں۔پریس کانفرنس میں پولیس کے اعلیٰ عہدیدارشریک تھے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.