کھیل

ہرمنپریت کور اور محمد رضوان ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ستمبر 2022 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ستمبر 2022 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

ہندوستان اور پاکستان کے کھلاڑیوں نے آئی سی سی مینز اینڈ ویمنز ایوارڈز جیتے ہیں۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور خواتین کے زمرے میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان مردوں کے زمرے میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

خواتین کے کرکٹ ایوارڈ کیلئے جن کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ان میں متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بنگلہ دیش کی نگار سلطانہ اور ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اور اسمرتی مندھانا شامل ہیں۔

لیکن ہرمن پریت نے سلطان اور مندھانا کو پیچھے چھوڑکر یہ ایوارڈ جیت لیا۔ ستمبر ہرمن پریت کیلئے یادگار مہینہ تھا۔ ان کی قیادت میں ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا۔

اس طرح ہندوستان نے 1999 کے بعد انگلینڈ میں پہلی ونڈے سیریز جیتی۔ انہوں نے 3 میچوں میں 221 رنز بنائے۔ انہوں نے پہلے ونڈے میں ناقابل شکست 74 رنز بنائے۔ اس کے بعد دوسرے ونڈے میں 111 گیندوں پر 143 رنز بنائے۔