مجلس کے دباؤ پر حکومت کا تلنگانہ لبریشن ڈے کے اہتمام سے گریز:امیت شاہ

امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ2024 میں بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی اور تب ہم بغیر کسی خوف و دباؤ کہ سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام کریں گے کرناٹک اور مہاراشٹرا میں یہ پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ مجلس کے دباؤ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، تلنگانہ لبریشن ڈے پروگرام کو سرکاری سطح پر منانے سے گریز کررہے ہیں۔ ریاستی چیف منسٹر کے سی آر پر شدید تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ سرکاری سطح پر تلنگانہ لبریشن ڈے کا عدم اہتمام، عوام کی توہین ہے حالانکہ یہی کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران نئی ریاست میں ہر سال17 ستمبر کو سرکاری سطح پر لبریشن ڈے منانے کا وعدہ کیا تھا مگر بعد میں وہ مجلس کے دباؤ پر اپنے وعدہ سے منحرف ہوگئے۔اس پر کے سی آر کو عوام سے معذرت خواہی کرنی ہوگی۔

انہوں نے نظام کے خلاف لڑنے پر1860 میں بے قصور ایک ہزار دلتوں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا تھا۔ امیت شاہ نے لبریشن ڈے کے موقع پر آج نرمل ٹاؤن کے قریب موضع ایلا پی میں کریشر گراونڈ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ2024 میں بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی اور تب ہم بغیر کسی خوف و دباؤ کہ سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام کریں گے کرناٹک اور مہاراشٹرا میں یہ پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مجلس سے ڈرنے والی ایک خاندان کی حکومت ہے۔ اس حکومت سے اب عوام بدظن ہوچکے ہیں جبکہ بی جے پی تلنگانہ کے بشمول ملک کی ہمہ جہت ترقی اور عوام کی بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کا آج جنم دن منایا جارہا ہے۔

امیت شاہ نے حلقہ اسمبلی حضور آباد کے مجوزہ ضمنی الیکشن میں بی جے پی کے متوقع امیدوار ای راجندر کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ رکن پارلیمنٹ عادل آباد سویم باپو راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کسانوں سے ناانصافی کی جارہی ہے کسانوں سے انصاف کرنے اور آرمور تا عادل آباد ریلوے لائن بچھانے،ایر پورٹ کے قیام کا مرکزی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں مرکزی وزیر کشن ریڈی،ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے،اروند کمار رکن پارلیمان نے جلسہ سے خطاب کیا۔ اس جلسے عام میں بی جے پی قائدین ڈی کے ارونا،راتھوڑ رمیش، ڈاکٹر رما دیوی،گنیش چکروتی، بھومیا، راولا رام ناتھ کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود۔ تھی۔

قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی نرمل آمد پر ضلع کلکٹر مشرف فاروقی،ضلع ایس پی سی ایچ پراوین کمار،ضلع ایڈیشنل کلکٹر ہیمنت بورکڑے و دیگر نے ان کاخیر مقدم کیا۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.