ٹینک بنڈ پر ”سنڈے فن ڈے“پروگرام پہلے سے مزید بہتر ہوگا

اروند کمار کے مطابق 26ستمبرکو5 بجے شام سے دس بجے شب تک ہونے والے اس پروگرام میں تلنگانہ پولیس بینڈ کے مظاہرہ کے ساتھ ساتھ بہترین تلگو گیتوں کوآرکسٹرا پرپیش کیاجائے گا۔ ساتھ ہی روایتی کھانے بھی یہاں پیش کئے جائیں گے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآبادکے ٹینک بنڈ علاقہ میں ”سنڈے فن ڈے“پروگرام جو گذشتہ اتوار کو گنیش مورتیوں کے وسرجن کی وجہ سے معطل کردیاگیا تھا کا اس اتوار کو احیا کیاجائے گا۔ اس مرتبہ یہ مقبول پروگرام مزید بہتر ہوگا جہاں پر فائرورکس شوکے علاوہ تلنگانہ کے لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

تلنگانہ کے اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق اروند کمار کے مطابق 26ستمبرکو5بجے شام سے دس بجے شب تک ہونے والے اس پروگرام میں تلنگانہ پولیس بینڈ کے مظاہرہ کے ساتھ ساتھ بہترین تلگو گیتوں کوآرکسٹرا پرپیش کیاجائے گا۔ ساتھ ہی روایتی کھانے بھی یہاں پیش کئے جائیں گے۔

علاقہ میں ہینڈی کرافٹس کے اسٹالس لگائے جائیں گے اور حیدرآبادمیٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے مفت پودوں کی تقسیم کاکام بھی کیاجائے گا۔ 12ستمبرکو اس سنڈے فن ڈے پروگرام کی شروعات کی گئی تھی جہاں ہندوستانی فوج کی جانب سے بیگ پائپر بینڈ کا مظاہرہ کیاگیا تھا۔

اروندکمار جو سوشیل میڈیا کے اس اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم رہتے ہیں نے اس خصوص میں کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں یہ بات بتائی۔ سٹی پولیس کی جانب سے اتوار کو ان اوقات میں اس مقام پر ٹریفک پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور اس علاقہ کو خوب صورت بنایاگیا ہے جہاں پر آنے والوں کے لئے کئی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیر بلدی نظم ونسق تارک راما راو نے ایک شہری کے ٹوئیٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حسین ساگر کے پاس ہر اتوار کی شام آنے والوں کیلئے ٹریفک پر پابندی عائد کرتے ہوئے مختلف تفریحی سہولیات فراہم کئے ہیں۔ ہر اتوار کی شام ٹینک بنڈ کی دونوں جانب دو سو میٹر کے اندر کا علاقہ پارکنگ لئے رکھاجارہا ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.