ٹی آر ایس حکومت سے کسانوں کا مکمل دھان خریدنے شرمیلا کا مطالبہ

دلچسپ بات یہ ہے کہ حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے مرکز سے دھان خریدی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک دن قبل جمعہ کو اسی مقام پر دھرنا منظم کیا تھا۔

حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے دھان خریدی مسئلہ پر تلنگانہ کے کسانوں سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے ہفتہ کے روز شہر حیدرآباد میں احتجاج شروع کیا ہے۔

ریاستی حکومت سے دھان کا مکمل ذخیرہ خرید نے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے شہر کے قلب میں واقع اندرا پارک پر احتجاج شروع کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے مرکز سے دھان خریدی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک دن قبل جمعہ کو اسی مقام پر دھرنا منظم کیا تھا۔

شرمیلا نے 72 گھنٹوں کا احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پولیس نے انہیں اندرا پارک پر صبح سے شام تک احتجاج منظم کرنے کی اجازت دی جس کے بعد شرمیلا نے مابقی گھنٹوں کا احتجاج پارٹی آفس معہ گھر لوٹس پانڈ میں منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے مکمل دھان خریدنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

کسانوں کو بچانے میں آگے نہ آنے پر انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ جاریہ سیزن میں دھان کی خریدی عمل میں تیزی لائے۔ حکومت نے کسانوں کو دھان کے بجائے متبادل فصل کی کاشت کرنے کی ہدایت دی ہے ان حالات میں ٹی آر ایس حکومت کو تخم، کھاد سربراہ کرنے کے ساتھ ساتھ پیدا ہونے والی مکمل فصل خرید نے کی طمانیت دینی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی قرض معافی اسکیم سے ریاست کے 36 لاکھ کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ ایم ایل سی الیکشن کے سبب مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب شرمیلا نے چہارشنبہ کے روز سے اپنی پرجا پرستھانم پدیاترا کو عارضی طور پر ملتوی کردیا ہے۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.