کے سی آر کے دھرنا سے زرعی قوانین منسوخی کا کوئی تعلق نہیں :بنڈی سنجے

بنڈی سنجے نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے صرف رائس ملرس کے مفاد کیلئے دھرنا منظم کیا تھا۔ انہوں نے کے سی آر سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے پنجاب کے کسانوں کیلئے دھرنا منظم کیا تھا؟ یا تلنگانہ کے کسانوں کیلئے دھرنا دیا تھا؟۔

حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ ورکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے ٹی آر ایس قائدین کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا جس میں ان قائدین نے کہا تھا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے دھرنے کے باعث وزیر اعظم نریندر مودی نے زرعی قوانین سے دستبرداری اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مرکزی حکومت سے تلنگانہ کے کسانوں سے دھان خریدنے کے مطالبہ پر احتجاجی دھرنا منظم کیا تھا۔ اس دھرنے سے زرعی قوانین سے دستبرداری کے اعلان سے کیا تعلق ہے۔

صدر بی جے پی بنڈی سنجے نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے صرف رائس ملرس کے مفاد کیلئے دھرنا منظم کیا تھا۔ انہوں نے کے سی آر سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے پنجاب کے کسانوں کیلئے دھرنا منظم کیا تھا؟ یا تلنگانہ کے کسانوں کیلئے دھرنا دیا تھا؟۔فارم ہاوز میں رہنے والے کے سی آردھرنا منظم کرنے کیلئے کیوں دھرنا چوک آئے تھے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مفاد اور انا کی خاطر ٹی آر ایس قائدین نے بی جے پی قائدین پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے موسم برسات میں اگائی گئی40لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے  کا ریاستی حکومت سے معاہدہ کیا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ کسان،خریدی کیلئے مراکز پردھان لارہے ہیں۔ حکومت نے اب تک دھان خریدنے کا آغاز نہیں کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کسانوں سے دھان کی خریدی کا آغاز کرے۔ سنجے نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی میں تلنگانہ کو ملک میں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے احتجاج کے دوارن فوت کسانوں کے  خاندان کو فی کس3لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر سے ریاست کے خودکشی کرچکے کسانوں کے خاندان کو 20لاکھ روپے، علیحدہ تلنگانہ کیلئے جانوں کی قربانی کا نذرانہ پیش کرچکے 1400 افراد کے خاندان کے افراد کو فی کس20لاکھ روپے، انٹرمیڈیٹ کے پرچوں کی جانچ میں غلطی کے باعث خودکشی کرچکے طلبہ کے خاندان کو فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ سال ایک کروڑ41 لاکھ میٹرک دھان خرید رہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اس مسئلہ پر تلنگانہ کے کسانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں سابق وزیر و بی جے پی قائد چندر شیکھر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.