گنیش وسرجن کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت

ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ گنیش مورتیوں کے وسرجن میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اب تمام محکموں پولیس، جی ایچ ایم سی، واٹر ورکس، آر اینڈ بی، برقی وغیرہ کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ساتھ گنیش وسرجن جلوس کیلئے نقائص سے پاک انتظامات شروع کرنا چاہئے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش میویشیان وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے مختلف محکموں کے عہدیداروں کو 19 ستمبر کو نکالے جانے والے گنیش وسرجن جلوس کے پرامن انصرام کے لئے تمام تر انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اپنے بیان میں ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ گنیش مورتیوں کے وسرجن میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اب تمام محکموں پولیس، جی ایچ ایم سی، واٹر ورکس، آر اینڈ بی، برقی وغیرہ کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ساتھ گنیش وسرجن جلوس کیلئے نقائص سے پاک انتظامات شروع کرنا چاہئے۔

جلوس اور مورتیوں کے وسرجن کے عمل کو پرامن بنانا چاہئے۔ جلوس اور مورتیوں کے وسرجن پر نظر رکھنے کیلئے مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ذریعہ کنٹرول روم بھی قائم کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف 25ذخائر آب اور 25کنٹوں پر جملہ300 کرینیں رکھے جائیں گے جن کی جی ایچ ایم سی نے وسرجن کیلئے نشاندہی کی ہے۔

ان کے ساتھ حسین ساگر کے اطراف 24سے زائد کرینس نصب کی جائیں گی جہاں بڑی سائز کی مورتیاں سپرد آب کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان ذخائر آب جہاں مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا وہاں پر غوطہ خوروں اور تیراکوں کو بھی تعینات کیا جانا چاہئے۔

بلا خلل برقی کی سربراہی کیلئے جنریٹرس بھی تیار رکھے جانے چاہئے۔ وسرجن کیلئے مورتیوں کو لے جانے کیلئے سینکڑوں گاڑیوں کی ضرورت رہے گی۔

ان گاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی اور آر ٹی اے حکام کی رہے گی۔

انہوں نے جلوس کے گذر نے کے راستوں پر درختوں کی بڑی شاخوں کی کانٹ چھانٹ کرنے اور برقی وائروں کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

جلوس کے گذرنے کے راستوں سے ٹریفک کے رخ کو دوسری جانب موڑنے اور ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے ٹریفک پولیس اور آر اینڈ بی احکام کو مل جل کر کام کرنا چاہئے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.