طلبہ میں اخلاقی، انسانی اقدارپروان چڑھانا ضروری: سبیتا اندراریڈی

وزیر تعلیم نے کہا کہ کووڈ۔19 وبا سے کئی شعبہ جات شدید طور پر متاثر ہوئے ان میں شعبہ تعلیمات بھی شامل ہے جو کووڈ وبا سے شدید طور پر متاثر ہوا ہے۔

حیدرآباد:ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے اساتذہ پر زور دیا کہ طلبہ کو اخلاقی اور انسانی اقدار کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کریں۔ طلبہ کی زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے مستقبل کو سنوار نے میں اساتذہ کا اہم رول ہوتا ہے۔ ماں بچہ کو جنم دیتی ہے مگر ایک ٹیچر، اس بچہ کو نہ صرف ملک کا ذمہ دار شہری بناتا ہے بلکہ اس کو بہتر زندگی گذار نے کے طور وطریقوں سے واقف کراتا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے رویندرا بھارتی میں منعقد یوم اساتذہ کے سرکاری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

 اس پروگرام میں ریاست سے منتخب بیسٹ ٹیچرس کو ایوارڈز دئیے گئے اور انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کووڈ۔19 وبا سے کئی شعبہ جات شدید طور پر متاثر ہوئے ان میں شعبہ تعلیمات بھی شامل ہے جو کووڈ وبا سے شدید طور پر متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تعلیمی نظام بتدریج ٹریک پر آرہا ہے۔

ریاستی حکومت نے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے سرکاری مدارس بالخصوص اقامتی اسکولس کی کارکردگی کی ستائش کی جہاں خانگی اسکولوں کے بہ نسبت بچو ں کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ تعلیم کو اولین ترجیحات میں شامل رکھنے اور حکومت کی خاص توجہ کی بدولت سرکاری مدارس میں طلبہ کے داخلوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔

 رواں سال سرکاری مدارس میں 2.5لاکھ سے زائد بچوں نے داخلہ لیا ہے جبکہ خانگی اسکولس کے 1.20 لاکھ طلبہ نے سرکاری اسکولوں میں داخلے لئے ہیں۔ کووڈ وبا کی وجہ سے تعلیمی نظام میں بہت کچھ تبدیلیاں آئی ہیں۔

 انہوں نے اساتذہ برادری پر زور دیا کہ وہ نئی تبدیلیوں اور نئے حالات سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے تعلیم کے معیار کو بلند کریں۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولتوں کی فراہمی، تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کیلئے حکومت نے بجٹ میں 4ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ پروگرام سے وزیر افزائش مویشیان وسمکیات ٹی سرینواس یادو اور دیگر نے خطاب کیا۔  (منصف نیوز بیورو)

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.