آرین خان کی این سی بی تحویل میں 7اکتوبر تک توسیع

ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر ایم نیرلیکر نے کہا کہ اس کیس میں تحقیقات کی بڑی اہمیت ہے اور اسی پہلو کے مد نظر ملزمین کی این سی بی تحویل ضروری ہے۔

ممبئی: مقامی عدالت نے پیر کے دن شاہ رخ خان کے لڑکے آرین خان اور دیگر دو ملزمین کی این سی بی تحویل 7اکتوبر تک بڑھادی۔ تینوں کو ایک روزہ تحویل ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر ایم نیرلیکر نے کہا کہ اس کیس میں تحقیقات کی بڑی اہمیت ہے اور اسی پہلو کے مد نظر ملزمین کی این سی بی تحویل ضروری ہے۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے پیر کے دن کروز جہاز کی تلاشی لینے کے بعد 8افراد کو حراست میں لے لیا۔

دو دن قبل اس نے ممبئی شہر کے ساحل پر بحری جہاز میں ڈرگس پارٹی بے نقاب کی تھی۔ این سی بی کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ جہاز کی ممبئی واپسی کے بعد تلاشی لی گئی۔ این سی بی کو بعض دستاویز اور کچھ مواد ملا ہے۔ شبہ ہے کہ یہ مواد منشیات ہوسکتا ہے۔

این سی بی نے زائد از 6گھنٹے جہاز کی تلاشی لی۔ عہدیدار نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہفتہ کی شام بحری جہاز میں ریو پارٹی پر چھاپا مارا تھا جو کورڈیلیا کروز کمپنی کے جہاز میں جاری تھی۔

متعلقہ

اس نے بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے لڑکے آرین خان اور دیگر 7افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پیر کے دن این سی بی کو جانکاری ملی تھی کہ جہاز دو دن کے بعد ممبئی لوٹ آیا ہے۔

این سی بی عہدیداروں بشمول اس کے دونوں ڈائرکٹرس سمیر وانکھیڈے‘ کروز ٹرمنل پہونچ گئے اور انہوں نے جہاز کی تلاشی لی۔ بعدازاں انہوں نے 8افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں این سی بی کے ممبئی دفتر لایا گیا۔

امکان ہے کہ این سی بی کروز شپ کے مینیجر اور مالک کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ ہفتہ کی شام این سی بی ٹیم نے جہاز پر چھاپامارا تھا۔ انہوں نے 13گرام کوکین‘ 5گرام ایم ڈی‘ 21گرام چرس اور ایکسٹاسی کی 22گولیاں اور 1,33,000روپئے ضبط کئے تھے۔

چھاپہ میں ممبئی این سی بی کے 20سے زائد عہدیدار خود کو مسافر ظاہر کرتے ہوئے جہاز میں سوار ہوگئے تھے۔ جہاز میں 1800افراد سوار تھے۔ جانچ کے بعد 8افراد بشمول آرین خان کو چھوڑ کر سبھی کو جانے دیا گیا۔

آرین خان کے علاوہ مون مون دھمیچا‘ ارباز مرچنٹ‘ اسمت سنگھ‘ موہگ جسوال‘ گومت چوپڑہ‘ نپور ساریکا اور وکرانت چھوکر کو پکڑ لیا گیا۔

اسپیشل ہالی ڈے کورٹ نے آرین خان‘ مون مون دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کو پیر تک این سی بی کی تحویل میں دے دیا تھا۔ این سی بی نے کروز جہاز پر 15-20دن سے نظر رکھی تھی۔ اسے جانکاری ملی تھی کہ جہاز میں ڈرگس پارٹی ہونے والی ہے۔ این سی بی‘ دہلی کی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی سے پوچھ تاچھ کرسکتی ہے کیونکہ اس کمپنی کو ایونٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.