اپوزیشن کو بی جے پی کے خلاف متحد ہونا ہوگا، ممتا بنرجی کی شرد پوار سے ملاقات

ممتا بنرجی نے ممبئی میں سیول سوسائٹی ارکان سے کہا کہ تمام علاقائی جماعتیں یکجا ہوجائیں تو بی جے پی کو ہرانا آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں ”بی جے پی ہٹاؤ‘ دیش بچاؤ“۔

ممبئی: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ انہوں نے کانگریس کو تجویز کیا تھا کہ وہ سیول سوسائٹی کی ممتاز شخصیتوں پر مشتمل اڈوائزری کونسل بنائی جائے جو اپوزیشن کو ایک سمت دے سکے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اس پر عمل نہیں ہوا۔ ممتا بنرجی نے ممبئی میں سیول سوسائٹی ارکان سے کہا کہ تمام علاقائی جماعتیں یکجا ہوجائیں تو بی جے پی کو ہرانا آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں ”بی جے پی ہٹاؤ‘ دیش بچاؤ“۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس‘ اترپردیش اسمبلی الیکشن نہیں لڑے گی۔ ممتا بنرجی ٹی ایم سی اور کانگریس کے تعلقات میں بگاڑ کے درمیان شیوسینا اور این سی پی قائدین سے ملاقات کے لئے سہ روزہ دورہ پر ممبئی آئی ہوئی ہیں۔

یہ پوچھنے پر کہ آیا وہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی قیادت کریں گی‘ ممتا بنرجی نے جواب دیا کہ میں چھوٹی ورکر ہوں اور چھوٹی ورکر ہی رہنا چاہتی ہوں۔ سیاست میں جہدِ مسلسل ضروری ہوتی ہے۔ آپ زیادہ تر بیرون ملک نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کانگریس قائد راہول گاندھی پر درپردہ تنقید میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کانگریس والوں سے کہا تھا کہ سیول سوسائٹی کی ممتاز شخصیتوں پر مشتمل مشاورتی کونسل ہونی چاہئے جو اپوزیشن کو ایک سمت دے سکے لیکن میری بات رائیگاں گئی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی محفوظ نہیں ہے اور ضرورت ملک کو محفوظ رکھنے کی ہے۔ اپنے کیڈر پر بھروسہ رکھیں۔

 پارلیمنٹ میں بحث کے بغیر زرعی قوانین رد ہوگئے کیوں؟ اس لئے کہ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ زرعی قوانین واپس لینے کا فیصلہ یو پی اسمبلی الیکشن کے مدنظر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے پی اے جیسے قوانین کا ملک میں بے جا استعمال ہورہا ہے۔ یہ قانون داخلی سلامتی کے لئے ہے‘ بیرونی طاقتوں سے تحفظ کے لئے ہے۔ یہ عام آدمی کے لئے نہیں ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس‘ سی بی آئی اور ای ڈی کا بھی بے جا استعمال ہورہا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ آخری سانس تک لڑیں گی۔

اس موقع پر این سی پی قائد مجید میمن نے کہا کہ مغربی بنگال اور مہاراشٹرا میں لوک سبھا کی 90  نشستیں ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں بی جے پی کی طاقت گھٹائی جاسکتی ہے۔ ممتاز گیت کار جاوید اختر‘ سماجی کارکن میدھا پاٹکر‘ اداکارہ رچا چڈھا اور اسٹانڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی نے بات چیت میں حصہ لیا۔ منگل کے دن شیوسینا قائدین آدتیہ ٹھاکرے اور سنجے راوت نے ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

یہ بھی دیکھیں
بند کریں
Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.