بی جے پی کو جتنا دھکہ لگے گا ایندھن کے دام اتنے ہی کم ہوں گے: نواب ملک

انھوں نے کہا کہ ملک کی عوام بی جے پی کو جتنا ہرائے گی پٹرول وڈیزل کے دام کم ہوتے رہیں گے۔

ممبئی: مرکزی حکومت کے ذریعہ پٹرول وڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے پر این سی پی کے قومی ترجمان و اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے کہ لوگ جس قدر بی جے پی کو جھٹکہ دیں گے، ایندھن کے دام اتنے ہی کم ہوں گے۔ اس لئے اگر پٹرول وڈیزل کے دام مزید کم کرانے ہیں تو بی جے پی کو شکست دینا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی عوام بی جے پی کو جتنا ہرائے گی پٹرول وڈیزل کے دام کم ہوتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے پٹرول و ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کم کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 5 اور ڈیزل پر 10روپئے کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نواب ملک نے کہا کہ قیمتوں میں یہ کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ مرکزی حکومت کی لوٹ تھی اور اس کو عوام نے ایک چھوٹا سا جھٹکہ دیا تو اس کے ہوش ٹھکانے آگئے اور اس نے قیمتوں میں تخفیف کا اعلان کردیا۔ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسے ایندھن کی قیمتوں میں کمی چاہئے یا مرکزی حکومت کی لوٹ اسی پیمانے پر جاری رہنا چاہئے۔

اگر عوام چاہتی ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہوں تو بی جے پی کو شکست دینا ضروری ہے اور حالیہ ضمنی انتخابات میں جو جھٹکہ دیا گیا ہے وہ سلسلہ مزیدجاری رہنا چاہئے۔ نواب ملک نے کہا کہ یہ بتایا جارہا ہے کہ یہ مرکزی حکومت کے ذریعے یہ عوام کو دیوالی گفٹ ہے جبکہ یہ دیوالی گفت نہیں بلکہ بی جے پی کی مجبوری ہے۔

اس ملک میں ’بی جے پی ہٹاؤ اور دام گھٹاؤ‘ کی تحریک شروع ہوچکی ہے اور یہ اسی تحریک کا نتیجہ ہے کہ بی جے پی ایندھن کی قیمتیں کم کرنے پرمجبور ہوئی ہے۔ بی جے پی کو جس قدر جھٹکہ دیا جائے گا، ایندھن کی قیمتیں اسی قدر کم ہوتی رہیں گی۔ اگر یہ قیمتیں پہلے کی سطح پر لانی ہیں تو بی جے پی کومکمل طورپر شکست دینا ہوگا۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.