بین الاقوامی

دنیا کی آبادی آٹھ ارب ہوگئی

اقوام متحدہ کے تازہ ترین تخمینے بتاتے ہیں کہ 2030 میں دنیا کی آبادی بڑھ کر 8.5 بلین، 2050 میں 9.7 بلین اور 2100 میں 10.4 بلین ہو جائے گی۔

واشنگٹن: دنیا کی آبادی آٹھ ارب (800 کروڑ) تک پہنچ گئی ہے اور ہندوستان 2023 میں دنیا کی سب سے بڑی آبادی کے طور پر چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ یہ اطلاع اقوام متحدہ کی "ورلڈ پاپولیشن پراسپکٹس 2022” کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے تازہ ترین تخمینے بتاتے ہیں کہ 2030 میں دنیا کی آبادی بڑھ کر 8.5 بلین، 2050 میں 9.7 بلین اور 2100 میں 10.4 بلین ہو جائے گی۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہاکہ اس سال آبادی کا عالمی دن ایک سنگ میل ثابت ہوا کیونکہ ہم زمین کے آٹھ اربویں باشندے کی پیدائش کے منتظر تھے۔ یہ ہمارے تنوع کا جشن منانے، ہماری مشترکہ انسانیت کو پہچاننے اور صحت میں ہونے والی ترقی پر حیران ہونے کا موقع ہے جس نے عمر میں اضافہ کیا ہے اور زچگی اور بچوں کی اموات میں ڈرامائی طور پر کمی کی ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن میں ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے جسے علامتی طور پر دنیا کا 8اربواں بچہ کہا گیا ہے۔

انتونیو گوٹیرس نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی یہ ہمارے سیارے کی دیکھ بھال کرنے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی ہے اور اس بات پر غور کرنے کا ایک لمحہ ہے کہ ہم نے اب بھی ایک دوسرے کے ساتھ اپنے وعدوں کو کہاں چھوڑا ہے۔

عالمی یوم آبادی کے موقع پر پیر کو جاری ہونے والی سالانہ ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹ 2022 رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی آبادی 1950 کے بعد سب سے سست رفتار سے بڑھ رہی ہے جو 2020 میں ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔ عالمی آبادی کو سات سے آٹھ ارب تک پہنچنے میں جہاں 12 سال لگے، وہیں 2037 تک اسے نو ارب تک پہنچنے میں تقریباً 15 سال لگیں گے۔ یہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ عالمی آبادی کی مجموعی شرح نمو سست ہو رہی ہے۔